نئی دہلی،پریس ریلیز،ہماراسماج: جامعہ اسلامیہ فیض القرآن نبی کریم میںتکمیل حفظ قرآن کریم پر جلسۂ دستار ندی کا انعقاد کیا گیا۔ جلسہ کا آغاز عبد الرزاق بن عبد الواحدکی تلاوت قرآن کریم سے ہوا اور نعت پاکؐ کا نذرانہ قاری امجد علی استاذ جامعہ اسلامیہ فیض القرآن نے پیش کیا۔ جلسۂ کی صدارت جامعہ رحیمیہ مہندیان کے شیخ الحدیث مولانا محمد صابر علی ظفر قاسمی اور نظامت مدرسہ کے مہتمم قاری قمر عالم نے کی۔ اس موقع جمعیت علماء ضلع چاندنی چوک کے صدر مولانا عبد السبحان قاسمی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے، انہوںنے کہا کہ ہم سب کو خلوص ، ایمانداری اور للہیت کے جذبہ کے ساتھ دین کی خدمت کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے نبی کریم علاقے میں کئی مدارس مہمانان رسولؐ کی علمی پیاس بجھا رہے ہیں ،میری اپیل ہے کہ سب متحد ہو کرطلبہ کی علمی اور اخلاقی تربیت پر توجہ مرکوز کریں، اس کے لیے ضروری ہے کہ ہمارا آپسی رابطہ مضبوط رہے اور باہمی مشورے کا سلسلہ منقطع نہ ہو ۔اس موقع پر مولانا غلام نبی،مولانا شمشاد قاسمی، مولانا انیس الرحمٰن ، حافظ سہیل، مولانا وسیم قاسمی وغیرہ نے خطاب کیا۔اس موقع پر قاری قیام الدین، مولانا علی اکبر، قاری مبارک، پرویز، حافظ اکبر، مفتی زکریا قاسمی، قاری نجم الہدیٰ، جامعہ رحیمیہ مہندیان کے استاذ مولانا محمد اسماعیل آز، قاری فیضان اور مدرسہ کے اساتذہ وطلبہ وطالبات موجو دتھے۔اس موقع پر تکمیل حفظ قرآن کریم کا شرف حاصل کرنے والے حافظ عبد الرازق بن عبد الواحد کی علمائے کرام کے ہاتھوں دستار بندی کی گئی۔ جامعہ اسلامیہ فیض القرآن نبی کریم کے مہتمم قاری قمر عالم نے مہمانوں اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ مولانا محمد صابر علی ظفر قاسمی کی دعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔












