نئی دہلی،سنگم وہار وزیرآباد دہلی میں واقع معروف ادارہ جامعہ تحفیظ القرآن والصنعہ کا سالانہ امتحان بحسن وخوبی اختتام پذیر ہوا۔ حفظ ،ناظرہ قرآن کریم اور دینیات کے تمام درجات کا امتحان مفتی عبدالرافع قاسمی اور مفتی محمد شاکر قاسمی نے لیا۔ ممتحن نے طلباءوطالبات کی عمدہ تعلیمی کار کردگی اور اساتذہ کی تعلیمی محنتوں کو سراہا اور جامعہ کے بہتر نظام تعلیم وتربیت پر مسرت واطمینان کا اظہار کیا۔ سالانہ تعلیمی جائزہ کے اختتام پر جامعہ میں دینی وتعلیمی بیداری کے عنوان سے ایک پرو گرام کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت مولانا محمد شمیم عادل قاسمی بانی ونا ظم جامعتہ الطیبات وزیرآباد نے کی ۔پروگرام کا آغاز قاری محمد ثاقب کی تلاوت قرآن کریم اور محمد نفیس کی نعت پاک سے ہوا ۔اس موقع پر مفتی محمد شاکر قاسمی نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں ہماری قوم کے بچے بہت پیچھے ہیں جس کی فکر اور کامیاب کوشش کرنا وقت کا اہم تقاضہ ہے۔ غربت وجہالت کا خاتمہ تعلیم وتربیت اور عمدہ اخلاق کے ذریعہ ہی ممکن ہے،مولانا محمد شمیم عادل قاسمی نے بچوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی سب سے پا کیزہ مقدس اور عظیم کتاب قرآن کریم کی آپ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اس لئے آپ کا مقام و مرتبہ بہت بلند ہے ۔دینی تعلیم وتربیت کے لئے اللہ نے آپ کو منتخب فرمایا ہے آپ اس نعمت کی قدر کرتے ہوئے خوب محنت ولگن کے ساتھ تعلیم حاصل کریں۔ انہوں نے جامعہ کی عمدہ تعلیم وتربیت اور پروگرام کے کامیاب انعقاد پر جامعہ کے بانی و مہتمم قاری شاداب عالم قاسمی کو مبارک باد پیش کی۔ مفتی عبدالرافع قاسمی نے کہاکہ یہ ادارہ اپنے علاقہ میں دینی وعصری تعلیم وتربیت کی عمدہ خدمات انجام دے رہا ہے۔ جامعہ کے بانی و مہتمم قاری شاداب عالم قاسمی نے جامعہ کی تعلیمی خدمات اور مستقبل کے عزائم پیش کیئے ۔پروگرام میں مولانا محمد زاہد مظاہری ،مولانا عبدالرؤف ، عبدالسلام اور محمد تحسین کے علاوہ جامعہ کے تمام طلباءوطالبات شریک تھے۔