نعمان انصاری
نگین، سماج نیوز سروس:تاریخ ہند سے واقفیت رکھنے والے حضرات اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ جمعیۃ علماء ہند کی ایک طویل اور روشن تاریخ ہے ، جس کے ہر ہر صفحہ پر اس کے اکابر کی قربانیوں کی داستان ثبت ہے۔ ہمیں ان ہی خدمات کو قوم کے سامنے لانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار مولا نا محمد ذکی قاسمی ناظم اعلیٰ جمعیۃ علماء نگینہ نے جمعیۃ علماء ہند کی تاریخ و خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کیا وہ شمالی ہند کی عظیم دینی درس گاہ جامعہ عربیہ رشیدیہ نگینہ میں جمعیۃ علماء ہند ضلع بجنور کے صدور و نظما کی ایک اہم میٹنگ کو خطاب کر رہے تھے ۔ مولانا ارشاد صاحب قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع بجنور کی صدرات اور مفتی محمد ارشد قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع بجنور کی نظامت میں منعقدہ جلسہ کا آغاز قاری محمد دانش کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نعت رسول پیش کرنے کی سعادت حافظ محمد زید کے مقدر میں آئی۔ ناظم اعلیٰ جمعیۃ علماء ضلع بجنور نے سیکریٹری رپورٹ پیش کی۔ بعد ازیں مولانا محمد ذکی قاسمی ناظم اعلیٰ جمعیتہ علماء ہند نے جمعیۃ علماء ہند کی تاریخ اور اس کے اکابرین کی خدمات پر روشنی ڈالی نیز موجودہ قیادت کی کاوشوں کو سراہا۔ آخر میں مولانا ڈاکٹر خلیق احمد قاسمی صدر جمعیۃ علماء نگینہ نے تمام حاضرین کا شکر یہ ادا کیا۔ اس موقع پر صوفی محمد شاہد ، مولانا ڈاکٹر محمد سلیمان شیخ الحدیث جامعہ عربیہ رشید یہ نگینہ کے علاوہ دیگر علمائے کرام اور جمعیۃ تحصیلوں کے صدر و ناظم شریک رہے۔ مفتی عبید الرحمن قاسمی کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔












