واشنگٹن (ہ س)۔تقریباً دو ہفتے قبل پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص کے بعد، سابق امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعہ کے روز کہا کہ وہ اپنی صحت یابی کے حوالے سے پْر امید ہیں۔بائیڈن نے اپنی ریاست ڈیلاویئر میں ایک عوامی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا "سب لوگ بہت زیادہ پْر امید ہیں۔” انھوں نے اپنا علاج شروع کرنے کی تصدیق کی۔اس موقع پر 82 سالہ سابق صدر نے اپنی بیماری سے متعلق کہا میری توقعات ہیں کہ ہم اس پر قابو پانے میں کامیاب ہوں گے۔انھوں نے بتایا کہ وہ فی الحال ایک دوا لے رہے ہیں، تاہم علاج کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ڈیلاویئر میں جنگوں میں مارے گئے امریکی فوجیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی تقریب کے بعد بائیڈن نے کہا "خیر، نتیجہ اچھا ہے۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں، ہم سب کچھ منظم کر رہے ہیں۔ سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے۔ اس لیے، میں خود کو ٹھیک محسوس کر رہا ہوں۔رواں ماہ کے آغاز میں بائیڈن کے دفتر نے اعلان کیا تھا کہ اْنھیں سنگین نوعیت کے پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔ بائیڈن نے کہا "کینسر کسی عضو میں نہیں ہے، میری ہڈیاں مضبوط ہیں، اور یہ پھیل نہیں پایا۔ اس لیے میں خود کو بہتر محسوس کر رہا ہوں۔سال 2024 کے انتخابات کے دوران بائیڈن کی ذہنی اور جسمانی صحت، جو کہ صدارت کے منصب پر فائز ہونے والے سب سے عمر رسیدہ شخص ہیں، خاص توجہ کا مرکز بنی رہی۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ایک مباحثے میں مبینہ طور پر "تباہ کن” کارکردگی کے بعد بائیڈن نے اپنی دوسری مدت کی انتخابی مہم ختم کرنے کا اعلان کیا۔بائیڈن کے دفتر کی جانب سے جب سرطان کی تشخیص کا اعلان کیا گیا تو ساتھ بتایا گیا کہ مرض ہڈیوں تک پھیل چکا ہے۔ تاہم بائیڈن نے صحافیوں کو بتایا ہم سب تشخیص سے متعلق پْر امید ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ دنیا کے ایک بڑے سرجن میرے ساتھ کام کر رہے ہیں۔بائیڈن نے کہا کہ انھیں دوسری مدت کے لیے انتخاب لڑنے پر کوئی افسوس نہیں، اور اْن کے مخالفین، خصوصاً ڈیموکریٹ جماعت سے، اْن کا مقابلہ کرسکتے تھے لیکن انھوں نے ایسا نہ کرنے کا انتخاب کیا، "کیوں کہ میں انھیں شکست دے دیتا۔ڈیلاویئر کے شہر نیوکیسل میں ایک سابقہ سرکاری بیان میں بائیڈن نے اپنی صدارت کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز قرار دیا اور سابق فوجیوں کے ساتھ بہتر سلوک کی ضرورت پر زور دیا۔تاہم اْن کی سب سے زیادہ جذباتی گفتگو اْن کے بیٹے "بو بائیڈن” کی وفات کی دسویں برسی پر سامنے آئی، جو نیشنل گارڈ میں خدمات انجام دینے کے بعد دماغی سرطان کے باعث صرف 46 سال کی عمر میں انتقال کر گیا تھا۔بائیڈن، جو اس روز اپنے بیٹے کی یاد میں منعقدہ تعزیتی تقریب میں شریک ہوئے، نے کہا تھا "بائیڈن خاندان کے لیے، آج وہ دن ہے جب ہمیں اپنے بیٹے بو کی جدائی کو دس سال ہو گئے ہیں، جو عراق میں ایک سال تعینات رہا۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ ایک کٹھن دن ہے۔












