سید پرویز قیصر
جونسن چارلس کریبین پریمیر لیگ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے سینٹ لوسیا کنگس کی جانب سے ٹرنباگو نائیٹ رائیدرس کے خلاف تروبا میں منگل(24 ستمبر ) کو کھیلے گئے میچ میں اپنی89 رن کی اننگ کے دوران ایسا کیا۔ وہ64 منٹ میں40 بالوں پر سات چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے یہ رن بنانے میں کامیاب رہے تھے جسکی بدولت انکی ٹیم نے مقررہ40 اوور میں چھ وکٹ پر 218 رن بنانے کے بعد ٹرنباگو نائیٹ رائیدرس کو17.5 اوور میں138 رن پر سمٹ دیا تھا۔
اس میچ کے اختتام تک جونسن چارلس نے کریبین پریمیر لیگ میں جو115 ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلے ہیں انکی 114 اننگوں میں114 کی اوسط اور130.60 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ21 نصف سنچریوں کی مدد سے3209 رن بنائے ہیں۔ وہ پانچ مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر94 رن ہے جو انہوں نے سینٹ لوسیا زوکس کی جانب سے گیانا آمیزن کے خلاف گروس آئسلیٹ میں24 جولائی2016 کو52 بالوں پر پانچ چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔انٹی گوا ہوکس بلس کی جانب سے بارباڈوس ٹریڈنٹس کے خلاف یکم اگست2013 کو برج ٹاون میں کریبین پریمیر لیگ کا پہلا میچ کھیلنے والے جونسن چارلس نے کریبین پریمیر لیگ میں چار ٹیموں کی نمائندگی کی ہے جس میں سب سے زیادہ رن انہوں نے سینٹ لوسیا زوکس کی جانب سے کھیلتے ہوئے بنائے ہیں۔ اس ٹیم کیلئے انہوں نے جو67 میچ کھیلے ہیں انکی66 اننگوں میں31.83 کی اوسط اور134.10 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ16 نصف سنچریوں کی مد سے1974 رن بنائے ہیں۔ وہ تین مرتبہ صفر کا شکار بنے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر94 رن ہے۔ ہوکس بلس کی جانب سے جونسن چارلس نے کریبین پریمیر لیگ میں پہلا سیزن2013 میں کھیلا تھا جس میں وہ سات میچوں کی سات اننگوں میں23.57 کی اوسط اور135.24 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ165 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ ان سیزن میں ان کا سب سے زیادہ اسکور46 رن رہا تھا۔ جمائیکا تالاوہاس کی جانب سے بھی جونسن چارلس صرف ایک ہی سیزن یعنی 2018 میں کھیلے۔ اس سیزن میں انہوں نے آٹھ میچوں کی آٹھ اننگوں میں28.12 کی اوسط اور138.88 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک نصف سنچری کی مدد سے225 رن بنائے ۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور اس سیزن میں53 رن رہا تھا۔بارباڈوس رائلز یا بارباڈوس ٹریڈنٹس کی جانب سے وہ2019 اور2021 کے درمیان تین سیزن کھیلے جس میں33 میچوں کی 33 اننگوں میں وہ25.60 کی اوسط اور120.54 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ چار نصف سنچریوں کی مدد سے845 رن بنانے میں کامیاب رہے۔ وہ دو مرتبہ صفر کا شکار ہوئے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور58 رن رہا تھا۔ جونسن چارلس سے پہلے کریبین پریمیر لیگ میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ آندرے فلیچر کے پاس تھا جنہوں نے2013 سے اب تک جو118 میچ کھیلے ہیں انکی115 اننگوں میں29.85 کی اوسط اور121.93 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ19 نصف سنچریوں کی مدد سے 3135 رن بنائے ہیں۔ وہ پانچ مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر 93 رن ہے جو انہوں نے 93 منٹ میں64 بالوں پر چھ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے سینٹ کٹس اور نیوس پیٹروٹس کی جانب سے کھیلتے ہوئے سینٹ لوسیا کنگس کے خلاف تروبا میں9 ستمبر2023 کو ہوئے میچ میں بنایا تھا۔ ان کی اس اننگ کی بدولت انکی ٹیم ایک بال پہلے چار وکٹ سے جیتی تھی۔