سید پرویز قیصر
شفالی ورما خواتین کی ٹسٹ کرکٹ میں سب سے تیز ڈبل سنچری بنانے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف چنئی میں جاری واحد ٹسٹ کے پہلے دن دائیں ہاتھ کی اس بلے باز نے288 منٹ میں197 بالوں پر23 چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے205 رن بنائے۔ انہوں نے اپنی ڈبل سنچری 194 بالوں پر مکمل کی تھی۔ اس سے پہلے خواتین کے ٹسٹ کرکٹ میں سب سے تیز ڈبل سنچری کا ریکارڈ آسڑیلیا کی انابیل سوتھر لینڈ کے پاس تھا جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف پرتھ میں فروری 2024 میں 248 بالوں پر 26 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے اپنی ڈبل سنچری مکمل کی تھی۔ اس اننگ میں دائیں ہاتھ کی اس بلے باز نے315 منٹ میں256 بالوں پر 27 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے210 رن بنائے تھے۔
شفالی ورما کی خواتین ٹسٹ کرکٹ میں سب سے تیزڈبل سنچری ہندوستان کی جانب سے دوسری دوسری ڈبل سنچری تھی۔ ان سے پہلے ایسا صرف متھالی راج نے کیا تھا جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف ٹاونٹن میں اگست2002 میں598 منٹ میں407 بالوں پر19 چوکوں کی مدد سے214 رن بنائے تھے۔ شفالی ورما کا اس سے پہلے ٹسٹ کرکٹ میں کوئی سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہوئی تھیں اور ان کا سب سے بڑا اسکور186 منٹ میں152 بالوں پر13 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے96 رن تھا جو انہوں نے جولائی2021 میں برسٹل میں انگلینڈ کے خلاف بنایا تھا۔
خواتین ٹسٹ کرکٹ میںایک دن میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والٰ شفالی ورما پہلی بلے باز ہیں۔ ان سے پہلے ایک دن میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکاڑد انگلینڈ کی بیٹی سنو بال کے پاس تھا جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں1935 میں پہلے دن 189 رن کی شاندار اننگ کھیلی تھی۔
شفالی ورما خواتین ٹسٹ کرکٹ میں سب سے چھوٹی عمر میں ڈبل سنچری بنانے والی بلے باز بھی ہے۔ ٹسٹ کے پہلے دن انکی عمر20 سال اور 152 دن تھی۔ خواتین ٹسٹ کرکٹ میں سب سے چھوٹی عمر میں ڈبل سنچری بنانے کا ریکارڈ ہندوستان کی متھالی راج کے پاس ہے۔ انہوں نے نگلینڈ کے خلاف ٹاونٹن میں اگست2002 میں598 جب منٹ میں407 بالوں پر19 چوکوں کی مدد سے214 رن بنائے تھے نو انکی عمر19 سال اور256 دن تھی۔
خواتین ٹسٹ کرکٹ میں ایک اننگ میں آٹھ چھکے لگانے والی شفالی ورما پہلی بلے باز ہیں۔ ان سے پہلے کوئی بھی بلے باز ایک اننگ میں دو سے زیادہ چھکے لگانے میں کامیاب نہیں ہوئی تھی اور کوئی بلے باز پورے کیریئر میں تین سے زیادہ چھکے لگانے میں کامیاب نہیں ہوئی تھی۔ شفالی ورما کے ٹسٹ کرکٹ میں چھکوں کی تعداد اب پانچ ٹسٹ میچوں کی نو اننگوں میں 13 ہوگئی ہے۔
خواتین کے ٹسٹ کرکٹ میں ابھی تک نو بلے بازوں نے ڈبل سنچری اسکور کی ہے۔پاکستان کی کرن بلوچ کو اس قسم کے کرکٹ میں سب سے بڑی اننگ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔ دائیں ہاتھ کی اس بلے باز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کراچی میں مارچ 2004 میں ہوئے ٹسٹ میں584 منٹ میں488 بالوں پر38 چوکوں کی مدد سے242 رن بنائے تھے۔












