دیوبند، سماج نیوز \سروس: ہندی یوم صحافت کے موقع پر گرامین پترکار پریس ایسوسی ایشن کے بینر تلے ہفتہ روزہ’ خلافت بلیٹین ‘ کی جانب ایک اعزازی تقریب کا انعقاد ریلوے اسٹیشن پر واقع شری رام کرشن یوگا آشرم انٹر کالج میں کیاگیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے ایسوسی ایشن کے ضلع صدر آلوک کمار تنیجا نے شرکت کی اور اپنے خطاب میںصحافی،صحافت اور اخبارات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے چھوٹے اخبارات کے زوال کی وجہ حکومتی نظام کی بے حسی اور امتیازی پالیسی کو قرار دیا۔ حکومتی پالیسی کی وجہ سے بڑے اخبارات چھوٹے اور درمیانے اخبارات کے وجود کو ختم کررہے ہیں، ایسے میں معاشرے کو اپنی تعاون پر مبنی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ منصفانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے تاجر لیڈر دیپک راج سنگھل نے کہا کہ صحافت ہندوستانی جمہوریت کا چوتھا اور مضبوط و اہم ستون ہے، اگر یہ کمزور ہوا تو جمہوریت کا قلعہ گر جائے گا۔ صحافیوں کی راہ میں لاتعداد چیلنجز کے باوجود ان کا چوکنا رہنا ضروری ہے۔ بی جے پی کے ضلع کنوینر میڈیکل سیل ڈاکٹر سکھ پال سنگھ نے کہا کہ آئین کی تشکیل کے وقت ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے صحافیوں کو اپنا منصوبہ ساز قرار دیا تھا، ایک صحافی کو مشنری کی طرح لگن اورمحنت سے کام کرنا چاہیے،کیونکہ وہ صحت مند معاشرہ کی تشکیل میںاہم کردار کرتاہے۔ صحافیوں کو ہمیشہ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا چاہئے کیونکہ ان کے ہاتھ میں قلم تلوار اور توپ سے بھی زیادہ طاقتور ہے۔ سینئر صحافی آلوک کمار اگروال نے کہا کہ انہیں حکومت، انتظامیہ اور عوام کا تال میل نہیں ملتا اور دوسرے انہیں معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے دو چار ہونا پڑتا ہے۔ سماجی کارکن ارون گپتا اور معروف قلمکار سید وجاہت شاہ نے کہا کہ موجودہ وقت میں ہمارے معاشرے میں اخلاقی قدروں میں بہت زیادہ گراوٹ آئی ہے، جس کا اثرمیڈیا سمیت ہر شعبہ میں نظر آتاہے، اسلئے خامیوں کو دور کرنے اور اصلاح کی ضرورت ہے کیونکہ صحافی سماج کا حقیقی آئینہ ہوتاہے۔ سینئر صحافی نوازش خان نے کہا کہ صحافت کا راستہ بہت مشکلوں بھرا ہے اس پر احتیاط سے چلنے کی ضرورت ہے۔علاوہ ازیں سلیم قریشی، ڈاکٹر شمیم دیوبندی، ڈاکٹر صادق دیوبندی، سینئر صحافی آباد علی اور ماسٹر ممتاز احمد وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس دوران مقامی بیرونی صحافیوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازاگیا۔اس دوران تمام مہمانوں کو بھی اعزازات دیئے گئے۔پروگرام کنوینر اوم ویر سنگھ اور راج کمار جاٹو نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت صحافی اوم ویر سنگھ نے کی۔












