اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گٹیرس کو لکھے خط میں سنجے راؤت نے کہا کہ 20 جون کو اسی طرح عالمی یوم غدار کے طور پر تسلیم کیا جانا چاہیے، جس طرح 21 جون کو یوگا کا عالمی دن منایا جاتا ہے
ممبئی: شیوسینا (ادھو ٹھاکرے دھڑے) کے رہنما سنجے راؤت نے اقوام متحدہ کو خط لکھ کر 20 جون کو ’عالمی یوم غدار‘ قرار دینے کی اپیل کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گٹیرس کو لکھے خط میں سنجے راؤت نے کہا کہ 20 جون کو اسی طرح عالمی یوم غدار کے طور پر تسلیم کیا جانا چاہیے، جس طرح 21 جون کو یوگا کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ سال 20 جون کو ہی ایکناتھ شندے کی قیادت میں شیوسینا کے 40 ارکان اسمبلی نے ادھو ٹھاکرے کے خلاف بغاوت کر دی تھی۔ اس کے بعد ادھو کی قیادت والی مہاوکاس اگھاڑی حکومت گر گئی تھی اور بی جے پی اور شندے دھڑے کی مخلوط حکومت وجود میں آئی۔سنجے راؤت نے اقوام متحدہ کو لکھے خط میں کہا کہ 20 جون 2022 کو ایکناتھ شندے ہماری پارٹی کے 40 ارکان اسمبلی کے ساتھ بی جے پی کی مدد سے ہماری پارٹی چھوڑ کر چلے گئے۔ انہیں 50-50 کروڑ روپے حاصل ہوئے تھے۔ انہوں نے یہ اس وقت کیا جب ہماری پارٹی کے صدر ادھو ٹھاکرے بیمار تھے۔ اس سے پہلے راؤت نے کہا تھا کہ وہ جلد ہی اقوام متحدہ کو خط لکھیں گے اور 20 جون کو یوم غدار منانے کی اپیل کریں گے۔ راؤت نے کہا تھا کہ وہ ’راون‘ کی طرح 40 غداروں کے پتلے نذر آتش کریں گے۔دوسری طرف، ایکناتھ شندے اور ادھو ٹھاکرے کے دھڑے نے پیر کو شیوسینا کے 57ویں یوم تاسیس کے موقع پر الگ الگ پروگراموں کا اہتمام کیا۔ دریں اثنا، شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے رہنما اور مہاراشٹر قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے نے بھی 20 جون کو عالمی یوم غدار قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے سابق گورنر بھگت سنگھ کوشیاری دہلی میں اپنے آقاؤں (مرکزی حکومت) سے اجازت لیں اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کو خط لکھیں۔












