باندہ،(یواین آئی) عام آدمی پارٹی(عاپ) کنوینراور دہلی کے وزیر اروند کیجریوال کے بیان پر پلٹ وار کرتے ہوئے اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ جیل جانے کے بعد کیجریوال نے ذہنی توازن کھو دیا ہے ۔تندواری میں ہمیر پور۔مہوبہ لوک سبھا سیٹ کے لئے انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا’ انا ہزارے کے سپنوں پر پانی پھیرنے والے کیجریوال اب میرا نام لے کر باتیں کررہے ہیں۔ انا نے جس کانگریس کے خلاف تحریک چلائی تھی کیجریوال نے اسے ہی اپنے گلے کا ہار بنا لیا ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ جیل جاکر کیجریوال کو پتہ چل گیا ہے کہ اب وہ کبھی جیل سے باہر نہیں آنے والے ہیں۔انہوں نے انا ہزار کے سپنوں پر پانی پھیرنے کا کام کیا ہے ۔ اس پاپ کے لئے انا ہزار انہیں کبھی معاف نہیں کرسکتے ۔عام آدمی پارٹی نے اقتدار میں پہنچ کر اپنے ارد گرد بدعنوانوں کا ہجوم لگادیا ہے ۔ انا دکھی ہوتے ہونگے کہ میری تحریک کی پیداوار کس طرح کی سیاست کرتے ہیں۔کیجریوال کے جیل میں ہونے سے دہلی کے باشندہ خوش تھے کہ کم سے کم ان کی کھانسی بند تھی۔ اب یہ پھر سے دہلی والوں کو کھانسنے کے لئے مجبور کریں دے ۔انہوں نے کہا کہ 10 سال پہلے کے بندیل کھنڈ اور آج کے بندیل کھنڈ میں زمین۔ آسمان کا فرق ہے ۔ پہلے یہاں مافیا کا راج تھا، یہاں مائننگ مافیا، لینڈ مافیا، جنگل مافیا اور ڈاکوؤں کی دہشت تھی۔ ایس پی اور کانگریس ان مافیا اور ڈاکوؤں کے محافظ رہے ہیں۔یہ لوگ ایسے عناصر کو یہاں سے عوامی نمائندے بنا کر بھیجتے تھے ، پھر یہی مافیا اور ڈاکو عوام کا استحصال کرتے تھے اور وسائل پر ڈاکہ ڈالتے تھے ۔ قدرتی وسائل سے مالا مال بندیل کھنڈ کے نوجوانوں کو ہجرت کرنا پڑی، بیٹیوں اور بہنوں کوسروں پر برتن رکھ کر میلوں دور سے پانی لانے کو مجبور ہونا پڑا۔یوگی نے کہا’آپ نے 10 سالوں میں بندیل کھنڈ کو بدلتے دیکھا ہے ۔ یہ تو ابھی شروعات ہے ۔ بندیل کھنڈ دوبارہ ملک کی قیادت کرے گا۔ اب بیٹی اور بہن کو پانی لینے کے لیے میلوں دور نہیں جانا پڑے گا۔ اب ہر گھر میں نل کا پانی ہوگا اور وہ بھی آر او کا پانی۔ رابطے کے لیے ہر سڑک کو دو لین اور فور لین بنایا جا رہا ہے ۔ سیاحتی مقامات کو ترقی دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے بندیل کھنڈ کو پانی اور ترقی کے لیے ترسایا، اس کی بہنوں اور بیٹیوں کی حفاظت سے سمجھوتہ کیا، نوجوانوں کی نوکریاں لوٹیں، وسائل کو لوٹا، انہیں ایک ایک ووٹ کے لیے ترسا دینا چاہیے ۔ ان کی ضمانتیں ضبط ہونی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ایس پی، کانگریس، عآپ، آر جے ڈی سب ایک ہی تھیلی کے چٹے بٹے ہیں۔ جب وہ اقتدار میں آتے ہیں تو عام آدمی کا خون چوستے ہیں۔ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہم نے بدلتا ہوا ہندوستان دیکھا ہے ۔ ملک آج دنیا میں اپنا وقار بڑھا رہا ہے ۔ غریبوں کے لیے فلاحی اسکیمیں چلارہا ہے ۔












