نئی دہلی، دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ہفتہ کو جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے پہلوانوں سے ملاقات کی اور ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور کھلاڑیوں کی حمایت کریں۔خیال رہے کہ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف جنسی ہراسانی کے الزامات پر کارروائی کے مطالبہ پر اولمپک میڈلسٹ بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک، ایشین اور کامن ویلتھ گیمز میں میڈلسٹ وینیش پھوگاٹ سمیت ہندوستان کے کچھ چوٹی کے پہلوان جنتر منتر پر احتجاج کر رہے ہیں۔کیجریوال نے کہا ’’سیاسی وابستگی سے قطع نظر چاہے وہ بی جے پی ہو، کانگریس ہو یا عآپ، ملک سے محبت کرنے والے ہر شخص کو احتجاج کرنے والے پہلوانوں کی حمایت کرنی چاہیے۔ ہم انہیں تمام ضروری مدد فراہم کریں گے، میں مرکزی حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات کو بند کرنے سے گریز کریں۔‘‘ انہوں نے کہا دہلی پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے میں سات دن لگے۔ لڑکیاں آگے نہ آتیں تو بد فعلی جاری رہتی۔اس سے پہلے ہفتہ کو کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جنتر منتر پر احتجاجی پہلوانوں سے ملاقات کی اور مرکز پر ڈبلیو ایف آئی کے سربراہ کو بچانے کا الزام عائد کیا۔خیال رہے کہ چوٹی کے ہندوستانی پہلوان گزشتہ اتوار سے احتجاج کر رہے ہیں، جنہوں نے برج بھوشن پر جنسی طور پر ہراساں کرنے اور مجرمانہ دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کرنے کے بعد ڈبلیو ایف آئی کے سربراہ کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ وہ ڈبلیو ایف آئی کے سربراہ کے خلاف مجرمانہ کارروائی کا بھی مطالبہ کر رہا ہے۔












