بھاگلپور (قمر امان) خانقاہ پیر دمڑیا شاہ خلیفہ باغ،بھاگلپور میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے موضوع پر منعقد ہونے والی ایک تاریخی کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر سجادہ نشین خانقاہ پیر دمڑیا شاہ خلیفہ باغ، سید شاہ فخر عالم حسن نے بتایا کہ خانقاہ کے زیرِ اہتمام 12 فروری کو صبح 11 بجے تعلیم کی اہمیت پر ایک عظیم الشان کانفرنس منعقد کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے بانی انجنیئر عبد القدیر بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوں گے،جبکہ سنی وقف بورڈ کے چیئرمین ارشاد اللہ مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔سید شاہ فخر عالم حسن نے انجنیئر عبد القدیر اور ان کے تعلیمی اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں قائم 111 برانچز کے ذریعے تقریباً 45 ہزار طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے،جو ان کی تعلیمی جدوجہد کا روشن ثبوت ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس کانفرنس میں شہر کے ممتاز ماہرینِ تعلیم، تعلیمی اداروں کے ذمہ داران اور دانشوران خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد بھاگلپور کی سرزمین پر تعلیم کی روشنی کو عام کرنا اور نئی نسل کو جدید و عصری تعلیم سے آراستہ کرکے ملک و ملت اور معاشرے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔اس موقع پر سید حسن نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گوراڈیہہ بلاک میں شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے تعاون سے ایک پلس ٹو رہائشی اسکول قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اللہ کے فضل و کرم سے مستقبل میں خانقاہ پیر دمڑیا شاہ خلیفہ باغ دینی و عصری اعلیٰ تعلیم کا ایک نمایاں مرکز بن کر قوم و ملت کی خدمت انجام دے گی۔اجلاس میں مفتی سلمان، ڈاکٹر غلام سرور ،زین العابدین، حماد شاہ،مناظر حسین اور ڈاکٹر دیو جیوتی مکھرجی (ڈائریکٹر، مانو سہایتا کیندر، وقف 159) سمیت متعدد معزز شخصیات شریک تھیں۔












