وشاکھاپٹنم، ( یو این آئی) بنگلورو سے تعلق رکھنے والے نامور گولفر کھلین جوشی نے وشاکھاپٹنم کے ایسٹ پوائنٹ گولف کلب میں کھیلے گئے 1 کروڑ روپے انعامی ‘آندھرا اوپن گولف چیمپئن شپ 2026’ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا ساتواں پیشہ ورانہ خطاب جیت لیا۔33 سالہ کھلین جوشی نے ٹورنامنٹ کے آخری راؤنڈ میں 2-انڈر 69 کا اسکور کیا، جس کے بعد ان کا مجموعی اسکور 9-انڈر 275 رہا۔ انہوں نے اپنے قریبی حریف کو چار شاٹس کے واضح فرق سے شکست دی۔اس فتح کے نتیجے میں انہیں 15 لاکھ روپے کی انعامی رقم ملی۔اس جیت نے انہیں ‘پی جی ٹی آئی آرڈر آف میرٹ رینکنگ میں 55ویں نمبر سے چھلانگ لگا کر 12ویں پوزیشن پر پہنچا دیا ہے۔چندی گڑھ کے اکشے شرما، جنہوں نے آخری راؤنڈ کا آغاز 13ویں پوزیشن سے کیا تھا، نے حیران کن واپسی کی۔ انہوں نے آخری راؤنڈ میں 6-انڈر 65 کا اسکور کر کے ‘کورس ریکارڈ قائم کیا اور مجموعی طور پر 5-انڈر 279 کے ساتھ رنر اپ (دوسری پوزیشن) رہے۔کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کھلین جوشی نے کہاآخری لمحات میں، خاص طور پر بیک نائن پر، میں تھوڑا گھبرایا ہوا تھا لیکن میں نے صبر کا دامن نہیں چھوڑا اور اپنی حکمت عملی پر بھروسہ کیا۔ مجھے فخر ہے کہ میں نے دباؤ میں خود پر قابو رکھا۔ پورے ہفتے میری بال اسٹرائیکنگ بہترین رہی جس نے جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔












