سید پرویز قیصر
وشاکھا پٹنم میں دہلی کیپٹلس کے خلاف میچ میں کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس نے مقررہ20 اوور میں سات وکٹ پر 272 رن بنائے جو اس کا انڈین پریمیر لیگ میں سب سے بڑا اور کل ملاکر دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کا اس سے پہلے انڈین پریمیر لیگ میں سب سے بڑا اسکور 20 اوور میں چھ وکٹ پر 245 رن تھا جو اس نے پنجاب کنگس کے خلاف اندور میں12 مئی2018 کو بنایا تھا۔ اس میچ میں کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس نے 31 رن سے جیت حاصل کی تھی جبکہ دہلی کیپٹلس کے خلاف وہ106 رن سے فاتح رہی تھی جو اسکی رنوں کے اعتبار سے انڈین پریمیر لیگ میں دوسری سب سے بڑی جیت ہے۔ اسکی سب سے بڑی جیت140 رن کی ہے جو اس نے رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف بنگلور میں18 اپریل2008 کو حاصل کی تھی۔
انڈین پریمیر لیگ میں سب سے بڑا اسکور بنانے کا اعزاز سن رائزرس حیدرآباد کے پاس ہے جس نے ممبئی انڈینس کے خلاف حیدرآباد میں27 مارچ2024 کو ہوئے میچ میں تین وکٹ پر277 رن بنائے تھے۔ یہ اسکور ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں چوتھا سب سے زیادہ اسکو بھی ہے۔ ممبئی انڈینس نے بعد میں بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں پانچ وکٹ پر 246 رن بنائے تھے جو انڈین پریمیر لیگ میں بعد میں بلے بازی کرتے ہوئے سب سے بڑا اسکور ہے۔
سن رائزرس حیدرآباد سے پہلے انڈین پریمیر لیگ میں سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ رائل چیلنجرس بنگلور کے پاس تھا جس نے بنگلور میں23 اپریل2013 کو ہوئے میچ میں پونہ واریرس کے خلاف مقررہ20 اوور میں پانچ وکٹ پر 263 رن بنائے تھے۔ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کریس گیل نے102 منٹ میں66 بالوں پر13 چوکوں اور17 چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر175 رن بنائے تھے جو انڈین پریمیر لیگ میں ہی ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں بھی سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ پونہ واریرس نے بعد میںبلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں نو وکٹ پر133 رن بنانے میں کامیاب رہی تھی جس کی وجہ سے رائلز چیلنجرس بنگلور نے اس میچ میں130 رن سے جیت حاصل کی تھی۔ یہ انڈین پریمیر لیگ میں تیسرا سب سے بڑا اسکور ہوگیا ہے۔
لکھنو سپر جائنٹس کو انڈین پریمیر لیگ میں چوتھا سب سے بڑا اسکور بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس نے پنجاب کنگس کے خلاف موہالی میں28 اپریل2023 کو20 اوور میں پانچ وکٹ پر 257 رن بنائے تھے۔
دہلی کیپٹلس کے خلاف اس سے پہلے انڈین پریمیر لیگ میں سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ چنئی سپر کنگس کے پاس تھا جس نے دہلی میں 20 مئی2023 کو ہوئے میچ میں مقررہ 20 اوور میں تین وکٹ پر 223 رن بنائے تھے ۔ دہلی کیپٹلس نے مقررہ20 اوور میں نو وکٹ پر 146 رن بنائے تھے جسکی وجہ سے اسے اس میچ میں77 رن سے شکست ہوئی تھی۔
کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کے پانچ بلے بازوں نے اپنی 20 اوور میں سات وکٹ پر 272 رن کی اننگ کے دوران18 چھکے لگائے اور انڈین پریمیر لیگ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بنایا۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ17 چھکوں کا تھا جو دو مرتبہ بنا تھا۔ پہلی مرتبہ کولکاتہ بائیٹ رائیڈرس کے بلے بازوں نے چنئی سپر کنگس کے خلاف چنئی میں10 اپریل2018 کو اپنی 20 اوور میں چھ وکٹ پر 202 رن کی اننگ کے دوران 17 چھکے مارے تھے۔ کولکاتہ میں27 مارچ2019 کو پنجاب کنگس کے خلاف جب کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس نے مقررہ 20 اوور میں چار وکٹ پر 218 رن بنائے تھے نو اس میں چار کھلاڑیوں نے 17 مرتبہ بال کو باونڈری لائین سے باہر کی سیر کرائی تھی۔