پیرس، (یو این آئی )فرانسیسی فٹبال کے اسٹار اسٹرائیکر کائلیان ایمباپے نے اپنی انجری اور آئندہ ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں شرکت کے حوالے سے تمام خدشات کو دور کرتے ہوئے اہم بیان جاری کر دیا ہے۔ 27 سالہ فٹبالر، جو گزشتہ سیزن میں گھٹنے کی تکلیف کے باعث ریال میڈرڈ کی جانب سے چار اہم میچز نہیں کھیل سکے تھے، اب مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ایمباپے کی فٹنس کے حوالے سے شکوک و شبہات اس وقت ختم ہوئے جب اتوار کو اٹلیٹیکو میڈرڈ کے خلاف ہونے والے سنسنی خیز مقابلے میں وہ 64 ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں اترے۔ ریال میڈرڈ نے یہ میچ 3-2 سے اپنے نام کیا، جس سے ایمباپے کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا۔ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ اب 100 فیصد فٹ ہیں اور سیزن کے بقیہ میچز کھیل کر ورلڈ کپ کے لیے خود کو بہترین فارم میں لانا چاہتے ہیں۔ فرانسیسی ٹیم نے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں ایمباپے کو امریکہ میں شیڈول دو اہم دوستانہ میچوں کے لیے منتخب کر لیا ہے۔،بمقابلہ برازیل: 26 مارچ،بمقابلہ کولمبیا: 29 مارچ ،یہ مقابلے اس لیے بھی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ 2026ء کے ورلڈ کپ کی میزبانی امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔ ایمباپے کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ دو ورلڈ کپ کی طرح اس بار بھی اپنی ٹیم کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرنے کے خواہشمند ہیں۔ واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے لیے فرانس کو گروپ آئی میں رکھا گیا ہے۔ اس گروپ میں فرانس کے ساتھ ناروے،سینیگال اورانٹرنیشنل پلے آف کا فاتح شامل ہیں۔کائلیان ایمباپے کی مکمل فٹنس کے ساتھ واپسی نے نہ صرف فرانسیسی ٹیم بلکہ دنیا بھر میں موجود ان کے مداحوں کے لیے اطمینان کی لہر دوڑا دی ہے، جو انہیں ایک بار پھر عالمی اسٹیج پر جادو بکھیرتے دیکھنے کے منتظر ہیں۔












