اسرائیل:جنگ کو روکنے کی بین الاقوامی کوششوں کے باوجود لبنان اور اسرائیل کی سرحد پرکشیدگی بدستور برقرار ہے۔ دوسری جانب اسرائیل اور حزب اللہ نے ایک دوسرے کے مفادات پر حملوں کا بھی دعویٰ کیا ہے
اسرائیلی فوج کی طرف سے ’ایکس‘ پلیٹ فارم پرہوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج نے جنوبی لبنان میں طیبہ اور رب الثلاثین کے مقام پر حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
قبل ازیں حزب اللہ کی جانب سے گائیڈڈ میزائلوں کا استعمال کرتے ہوئے کفر شوبا پہاڑیوں میں رویسات العلم کے مقام پر ایک اسرائیلی "مرکاوا” ٹینک اور "نمیرا” گاڑی کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے جنگجوؤں نے مقبوضہ لبنان کی کفر شوبا پہاڑیوں میں رویسات العلم کے مقام پر ایک مرکاوا ٹینک اور ایک نمیرا گاڑی کو گائیڈڈ میزائلوں سے نشانہ بنایا اور انہیں تباہ کردیا”۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ کے خطرات پیدا ہوئے ہیں۔اسرائیلی وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز نے کل ہفتے کے روز اقوام متحدہ میں ایرانی مشن کی طرف سے انتباہ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ اگر حزب اللہ فائرنگ بند نہیں کرتی اور جنوبی لبنان سے انخلاء نہیں کرتی تو اسرائیلی افواج اس کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ اس وقت تک حرکت میں آئیں گی جب تک شمالی اسرائیل کے باشندے اپنے گھروں کو واپس نہیں آجاتے‘‘۔












