لاس اینجلس۔ (یواین آئی )لاس اینجلس میں کھیلے گئے میجر لیگ ساکر کے سیزن اوپنر میں لاس اینجلس ایف سی نے لیونل میسی کی انٹر میامی کو 3-0 سے شکست دے دی۔ اس میچ نے ناظرین کی تعداد کے لحاظ سے بھی ایک نیا ریکارڈ قائم کیا، جہاں75,673 شائقین اسٹیڈیم میں موجود تھے۔لاس اینجلس ایف سی نے کھیل کے ہر شعبے میں برتری برقرار رکھی۔ 38 ویں منٹ میں ڈیوڈ مارٹنیز نے سن ہیونگ من کے پاس پر گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی۔73 ویں منٹ میں ڈینس بوانگا نے انٹر میامی کے گول کیپر کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ میچ کے آخری لمحات (انجری ٹائم) میں متبادل کھلاڑی ناتھن اورڈاز نے تیسرا گول کر کے انٹر میامی کی شکست پر مہر ثبت کر دی۔فٹ بال لیجنڈ لیونل میسی کے لیے یہ ایک غیر معمولی رات تھی۔ پچھلے 15 میچوں میں یہ پہلا موقع تھا کہ میسی کی موجودگی میں انٹر میامی کوئی گول کرنے میں ناکام رہی۔ میزبان ٹیم کے گول کیپر ہیوگو لوریس نے تین اہم بچاؤ کر کے میسی اور ان کی ٹیم کو بے بس رکھا۔ اگرچہ انٹر میامی نے 63 فیصد وقت گیند اپنے پاس رکھی، لیکن وہ اسے گول میں تبدیل نہ کر سکے۔












