لاس اینجلس(یو این آئی) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی زبردست آگ میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 24 ہو گئی ہے۔لاس اینجلس کاؤنٹی کے میڈیکل ایگزامینر نے اتوار کو کہا کہ آگ کی وجہ سے آٹھ اموات پالیسیڈس اور 16 ایٹن میں ہوئیں۔ پالیسیڈس کی آگ، جو اس وقت لاس اینجلس کے علاقے میں سب سے بڑی جنگل کی آگ ہے، گزشتہ منگل سے 23,700 ایکڑ (تقریباً 96 مربع کلومیٹر) کو جلا چکی ہے اور 5,300 سے زیادہ انفرا اسٹرکچر کو تباہ کر چکی ہے۔ فی الحال آگ پر 11 فیصد قابو پا لیا گیا ہے۔ایٹن آگ میں الٹاڈینا اور پاساڈینا کے قریب 14,100 ایکڑ (تقریباً 57.1 مربع کلومیٹر) کو جلا دیا ہے اور فی الحال 27 فیصد پر قابو پا لیا گیا ہے۔ 12,300 سے زیادہ عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں اور اتوار تک، 40,000 ایکڑ (تقریباً 161.9 مربع کلومیٹر) پر پھیلے کئی آفت زدہ علاقوں سے ایک لاکھ سے زیادہ لوگوں کو نکال لیا گیا ہے۔فائر فائٹرز طوفانی ہواؤں کے باعث آگ کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ بدھ کی شام تک یہاں ہوائیں تیز ہونے کی توقع ہے جس سے امدادی کارروائیوں میں مزید پیچیدگی پیدا ہو سکتی ہے۔












