محمد زاہد امینی
نوح،میوات،سماج نیوز سروس: گذشتہ بروز جمعہ کو قصبہ گھاسیڑہ واقع مکتب عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ مسجد قریشیان جدید کے 4 طالب علموں کے ذریعہ تکمیل حفظ قرآن کریم کئے جانے کے موقع پر مختصر مگر شاندار پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں پہلے تو مکتب ہذا کے درجنوں طالب وطالبات کے ذریعے تقاریر،دلچسپ مکالمات،نعت ونظموں پر مشتمل خوبصورت ثقافتی پروگرام پیش کیا گیا بعد ازاں وہاں موجود مقتدر علمائے کرام ودیگر معزز لوگوں کے ذریعہ تکمیل حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کرنے والے محمد رضوان ولد یامین،محمد عمرولد شوقین،محمد ارمان ولد شاکر ومحمدفرحان ولدزاہد وغیرہ بچوں کی دستاربندی کی گئی اور ان کو نقد اعزازات سے نوازا گیا۔ بعد ازاں معروف وبزرگ عالم دین مولانا شیرمحمد امینی نائب صدر جمعیت علماء متحدہ پنجاب نے اپنے ناصحانہ خطاب کےدوران کہا کہ مکاتب قرآنیہ اور مدارس دینیہ ایمان وعقائد کی حفاظت کا ذریعہ ہیں اور ان کا ہر اعتبار سے تعاون کرنا عامہ المسلمین کی ذمّہ داری ہے۔مسلمانی معاشرے میں آئے دن پھیل رہی سماجی برائیوں پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اگر جلد ہی ان خرافات ومنہیات پر قدغن نہیں لگایا گیا تو آنے والی نسلوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہوگا۔قبل ازیں طالب علم محمد سعد ولد عمران کی تلاوت کلام اللہ شریف وطالبہ تسلیمہ بنت مشتاق کے نعتیہ کلام سے پروگرام کا آغاز ہوا۔مولانا محمد زاہد امینی نے نظامت کے فرائض بحسن وخوبی انجام دیئے۔پروگرام کے روحِ رواں ومکتب ہذا کے ناظم اعلیٰ جناب قاری عبد الماجد غفاری نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔مولانا شیر محمد امینی کی مختصر دعاء پر پروگرام کا اختتام ہوا۔سینکڑوں طالب علموں سمیت قصبہ کے سبھی علماء وائمہ حضرات نے شرکت کی جن میں مولانا خورشید احمد امینی صدر جمعیت علماء حلقہ گھاسیڑہ،مولانا محمد داؤدقاسمی،مولانا نور الدین قاسمی،قاری لقمان غفرانی،قاری اظہر،قاری خلیل احمد نعمانی،قاری شاہد، مولانا مستقیم،قاری آ صف،قاری کلام،بھائی حسن محمد امیر صاحب،حافظ اقبال صاحب،بھائی شمیم احمد، بھائی رئیس،شرف الدین،بھائی شرافت و بھائی ناصر وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔