نئی دہلی، گزشتہ ایک ہفتہ سے مصطفی آباد کانگریس لیڈران کا وفد سابق رکن اسمبلی حسن احمد کی قیادت میں جالندھر (پنجاب)کے پارلیمانی حلقہ سے ضمنی الیکشن میں کانگریس امید وار کی انتخابی مہم میں شامل ہواتھا اور تبھی سے مسلم رائے دھندگان اور ائمہ مساجد سے ملاقات کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجہ میںجالندھر کے تقریبا 80ہزار مسلمانوں کا رجحان کانگریس امید وار کی حمایت میں ہوتا جارہا ہے ۔اسی تعلق سے کانگریس وفد نے لدھیانہ کی جامع مسجد کے شاہی امام و خطیب مولانا قاری محمد عثمان لدھیانوی سے بھی ملاقات کرکے ملکی حالات پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔ حسن احمد کی قیادت میں شامل مقامی ائمہ مساجد مولانا انتظار احمد، قاری محمد اطہرآزاد رحیمی وجالندر علاقہ کے بیشتر ائمہ مساجداور مدارس اسلامیہ کے ذمہ دار کے علاوہ دہلی پردیش کانگیس کمیٹی کے نائب صدر علی مہدی ،مصطفی آباد کونسلر سبیلہ بیگم کے شوہر حاجی محمد خوشنود، برج پوری کونسلر نازیہ جاویدکے شوہر جاوید چودھری ، شیو وہار کانگر یس بلاک صدر اشوک بھگیل، نہرو وہار کانگریس بلاک صدر علیم انصاری، مدرسہ مدینتہ العلوم مصطفی آبادکے بانی و مہتم قاری محمد ارشاد قاسمی ، قاری احرار احمدجوہر قاسمی اور قاری محمد ایوب وغیرہ شامل تھے۔وفد کے قائد حسن احمد نے نمائندہ راشٹریہ سہار اسے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے بتایا کہ شاہی امام و خطیب مولانا قاری محمد عثمان لدھیانوی نے کسی بھی جماعت کی حمایت و مخالفت سے اجتناب رکھتے ہوئے ملک کی سالمیت و بقا ،ہندومسلم اتحاد ، بھائی چارہ ، یکجہتی ، امن و امان اور ملک کی ترقی و ملک دشمن سے تحفظ کی دعا کی۔حسن احمد نے بتایا کہ دورا ن ملاقات شاہی امام و خطیب کو بتایا گیا ہے کہ کانگریس ہی واحد ایسی جماعت ہے جو سبھی طبقات کو ساتھ لیکرحکومت کرنے کا تجربہ رکھتی ہے اور کانگریس کے اقتدار میں سبھی مذاہب کے لوگ پرامن فضا میں خوشحالی کی زندگی گزارتے تھے لیکن غیر کانگریسی اقتدار میں ملک بدامنی کا شکار ہونے سے سبھی طبقات کی حالت ناگفتہ بہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس قائد راہل گاندھی نے کنیا کماری سے کشمیر تک بھارت جوڑوں یاترہ نکال کر اس پیغام کو عام کیا ہے کہ تمام مذاہب کے لوگ صدیوں سے ایک ساتھ رہتے آئے ہیں اور مستقبل میں بھی ایک ساتھ رہیں گے اورہماری یکجہتی و اتحاد کسی بھی قیمت پر ملک کو ٹوٹنے نہیں دے گی۔انہوں نے شاہی امام وخطیب سے یہ بھی کہا کہ حضرت آپ اور آپ کا اسلاف ملک کا وفادرا ہے کیونکہ آپ کے اسلاف نے ملک کی آزادی میں قربانیاں دی تھیں اور تقسیم کے بعدبھی ا پنے ملک ہندوستان میں ہی رہنے کو ترجیح دے کر اپنے ملک سے پیار محبت اور وفاداری کا ثبوت دیا تھا جس کے مد نظر ہم امید کرتے ہیں کہ آپ ملک کو نامساعد حالات سے نکالنے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے تاکہ ہمارا ملک دنیا کے طاقتور ممالک میں شامل ہو اور کارو باری زندگی مزید بہتر سے بہتر ہونے پرسبھی طبقات خوشحالی کی زندگی گزارنے لگیں۔شاہی امام وخطیب نے حسن احمد کے جذبات کی بھی ستائش کرتے ہوئے ملک کے حق میں مزید دعا کرنے اور کرانے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔
اور تحائف کے طور پر کتابیں پیش کی ہیں۔ واضح ہوکہ راہل گاندھی دورہ کے دوران ایم پی سنتوک چودھری کادل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا تھا جن کی اہلیہ کرم جیت کور چودھری کوجالندھرکے ضمنی الیکشن میں کانگریس نے اپنا امید واربنایا ہے جنہیں سبھی طبقات کی حمایت ملنے سے کانگریس امید وار اپنی جیت کا پرچم لہرا سکتا ہے۔












