محمد زاہد امینی
نوح،میوات،سماج نیوز سروس: ضلع کے معروف قصبہ گھاسیڑہ واقع سرکاری اسکول میں آج قصبہ میں ہو رہی علی الاعلان نشہ خوری ونشہ سپلائی کو لیکر مولانا شیر محمد امینی کی سرپرستی ونوجوان لیڈر جناب طیب حسین گھاسیڑیہ کی سربراہی میں ایک مہا پنچایت کا انعقاد کیاگیاجس میں گاؤں کے اکثر علماء وائمہ سمیت بلا تفریق مذہب و ملت قصبہ کی دیگر معزز و سرکردہ شخصیات نے شرکت کر نشہ خوری سمیت دیگر معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے نہ صرف اپنے جوش و جذبے کا اظہار کیا بلکہ نشہ خوری ونشہ سپلائی کے سد باب کیلئے کچھ سخت فیصلے بھی لیے گئے۔قبل ازیں قرآن وحدیث کی روشنی میں نشہ خوری کی قباحت بیان کرتے ہوئے مؤقر عالم دین مولانا شیر محمد امینی نائب صدر جمعیت علماء متحدہ پنجاب نے کہا کہ نشہ خوری وہ گناہ عظیم ہے کہ جس سے نسلیں تباہ ہوجاتی ہیں اس لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس وباء کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔علاقہ کے معروف و متحرک سیاسی لیڈر جناب چوہدری طیب حسین گھاسیڑیہ نے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑے ہی افسوس کا مقام ہے کہ ہماری جو بستی کسی وقت بھلائی کے لئے جانی جاتی تھی آج وہی بستی نشہ سپلائی جیسے جیسے جرائم کے کیلئے جانی جاتی ہے۔انہوں نے قصبہ کے سبھی ذمہ داران سےدست بستہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ راج نیتی اور اپنے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر نسل نو کو بچانے کی فکر کریں۔علاقہ کی معروف سماجی شخصیات ایڈووکیٹ جناب رمضان چودھری،دین محمد ماملیکا ونشہ کے خلاف علاقہ بھر میں تحریک چلانے والے جناب بھائی ہدایت کمانڈو وغیرہ نے بھی پنچایت میں بطور مہمان خصوصی شرکت کر اس سلسلے میں اپنے اپنے تجربات شیئر کئے۔پنچایت کی خاص بات یہ رہی کہ پولیس محکمہ کی جانب سے ایس ایچ او نوح کلدیپ اپنی ٹیم کے ہمراہ نہ صرف موجود رہے بلکہ اس مہم میں ہر ممکن تعاون کرنے کی یقین دھانی بھی کرائی۔چودھری طیب حسین گھاسیڑیہ کی فکر پر منعقد اس مہا پنچایت میں قصبہ کے سبھی طبقات کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی جن میں مولانا ابراہیم امینی،مولانا جسمال صاحب حسینی،قاری لقمان غفرانی،مفتی محمد لقمان قاسمی،مولانا نورالدین قاسمی،مولانا داؤد قاسمی،مولانا محمد زاہد امینی،مولانا خورشید احمد امینی،قاری عبد الماجد غفاری،حافظ جمیل احمد،حافظ ضیاء الحق،قاری آصف،مولانا مستقیم،مولاناصابر،آس محمد پہلوان،عمران سرپنچ،ولی محمد پارسد،اعجاز نمبر دار،پپو قریشی،پنچ خلیل احمد،بھائی حبیب،بھائی فخرالدین شیخ ،لالہ سرون،لالہ سبھاش و پنڈت رام سروپ وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔