نئی دہلی 29 مارچ شعیب رضا فاطمی
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو ممبئی ہائی کورٹ سے بڑا جھٹکا لگا ہے، ہائی کورٹ نے بدھ کے روز قومی ترانے کی توہین کرنے پر ان کے خلاف کارروائی کی درخواست میں انہیں کوئی راحت دینے سے انکار کر دیا۔ جسٹس امت بورکر کی سنگل بنچ نے بنرجی کی درخواست کو خارج کر دیا جس میں سیشن کورٹ کے جنوری 2023 کے حکم کو چیلنج کیا گیا تھا.اور جس میں کیس کی تفتیش اور سمن جاری کرنے کے لیے مجسٹریٹ کی عدالت میں واپس بھیج دیا گیا تھا۔
یہ معاملہ دسمبر 2021 کا ہے۔ جب ممبئی دورے کے دوران وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے قومی ترانہ گائے جانے کے دوران اسٹیج چھوڑ دیا تھا ۔اس معاملے میں ممبئی بی جے پی کے عہدیدار وویکانند گپتا نے ممبئی کے مزگاؤں میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کو خط بھی لکھا.لیکن جب کوئی جواب نہیں آیا تو مجسٹریٹ کی عدالت میں شکایت کی اور کہا کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے قومی ترانے کی توہین کی ہے۔
دوسری طرف مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ نے سمن کو خصوصی عدالت میں چیلنج کیا۔
بنرجی نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ سمن کو منسوخ کرنے اور معاملہ واپس لینے کے بجائے سیشن کورٹ کو پوری شکایت کو ہی منسوخ کر دینا چاہیے تھا۔ جسٹس بورکر نے کہا کہ سیشن کورٹ کے حکم ہی غیر قانونی ہے اس لیے ہائی کورٹ کو مداخلت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
جنوری 2023 میں، خصوصی جج آر این روکڈے نے مجسٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ سمن کو طریقہ کار کی بنیاد پر ایک طرف رکھ دیا اور مجسٹریٹ سے شکایت پر نئے سرے سے غور کرنے کو کہا۔ بنرجی نے اس حکم کو ہائی کورٹ میں اپنی درخواست میں چیلنج کیا، اور دعویٰ کیا کہ مجسٹریٹ کو نئے مقدمے کی سماعت کی ہدایت کرنے کے بجائے سمن کو منسوخ کرنا چاہیے تھا۔
اپنی شکایت میں، گپتا نے دعویٰ کیا کہ بنرجی کا یہ عمل قومی ترانے کی توہین کے مترادف ہے اور یہ 1971 کے قومی اعزاز کی توہین کی روک تھام کے قانون کے تحت ایک جرم ہے۔ اس نے کف پریڈ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی، لیکن جب پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی تو اس نے میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت سے رجوع کیا۔












