دبئی (یو این آئی) ہندوستانی خاتون ٹیم کی اسٹار بلے باز اسمرتی مندھانا نے ایک روزہ بلے بازی رینکنگ میں چھ سال بعد دوبارہ ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ مندھانا نے سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے ساتھ سہ فریقی سیریز میں شاندار کارکردگی کی بدولت یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس سے قبل انہوں نے یہ مقام سال 2019 میں حاصل کیا تھا۔ آئی سی سی کی جانب سے منگل کو جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ کے مطابق مندھانا نے 727 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولوارڈٹ کو پیچھے کرتے ہوئے نمبر ایک کا تاج اپنے نام کیا ہے۔ انگلینڈ کی نئی کپتان نیٹ سکیور برنٹ اور جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولوارڈ 719 پوائنٹس کے ساتھ مشترکہ طورپر دوسرے نمبر پر کھسک گئی ہیں۔ اس فہرست میں جمائمہ روڈریگز 14 ویں اور کپتان ہرمن پریت کور 15 ویں نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقہ کی تزمین برٹس تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں اپنی نصف سنچری کی بدولت پانچ درجے کی چھلانگ لگا کر 27ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ دوسرے میچ میں 76 رنز بنانے والی سن لوس بلے بازوں کی فہرست میں سات مقام کی چھلانگ کے ساتھ 42ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ون ڈے گیندبازی لسٹ میں سرفہرست مقام بدستور برقرار ہے، جس میں انگلینڈ کی بائی ہاتھ کی اسپنر سوفی ایکسٹون آسٹریلیا کی ایشلی گارڈنر اور میگن شٹ سے کافی آگے ہیں، لیکن ویسٹ انڈیز کی اسپنر ایفی فلیچر کی جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں چار وکٹیں لینے کی وجہ سے وہ چار درجے ترقی کر کے 19ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ ون ڈے آل راؤنڈرز کے ٹاپ 10 میں بھی کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ اس فہرست میں گارڈنر بدستور سرفہرست ہیں جب کہ ویسٹ انڈیز کی ہیلی میتھیوز دوسرے اور جنوبی افریقہ کی ماریزانے کیپ تیسرے نمبر پر ہیں۔ نیوزی لینڈ کی سوفی ڈیوائن، جنہوں نے ستمبر میں ہندوستان کی میزبانی میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، آل راؤنڈرز میں نویں اور بلے بازوں میں 13ویں نمبر پر ہیں۔