نئی دہلی،(یو این آئی ) ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں جاری ایشیائی رائفل/پسٹل چیمپئن شپ 2026 کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستان کی اسٹار نشانہ باز منو بھاکر خواتین کے 25 میٹر پسٹل ایونٹ میں طلائی تمغے کے بالکل قریب پہنچ کر چوک گئیں۔ دو بار کے شوٹ آف کے بعد ویتنام کی تھوئی ترانگ نگوین نے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا، جبکہ ہندوستان کی ایشا سنگھ نے اس چیمپئن شپ میں اپنا دوسرا انفرادی تمغہ جیتتے ہوئے کانسہ (برانز میڈل) پر قبضہ جمایا۔جونیئر زمرے میں بھی ہندوستان کا غلبہ برقرار رہا جہاں نامیا کپور نے ایک اور ہیجان خیز شوٹ آف میں گولڈ میڈل جیتا، جبکہ انجلی بھگوت نے کانسہ کا تمغہ حاصل کیا۔ ان فتوحات کے ساتھ ہی ہندوستان کے مجموعی تمغوں کی تعداد 60 ہو گئی ہے، جس میں 37 سونا، 13 چاندی اور 10 کانسہ کے تمغے شامل ہیں۔فائنل کا آغاز ایشا سنگھ نے پہلی سیریز میں پرفیکٹ پانچ شاٹس کے ساتھ کیا، جبکہ منو اور تھوئی نے چار چار شاٹ لگائے۔ مقابلے کے دوران ہر سیریز کے ساتھ پوزیشن بدلتی رہی۔ چھٹی سیریز میں ویتنامی کھلاڑی نے برتری حاصل کی، لیکن ساتویں سیریز میں ہندوستانی نشانہ بازوں نے اس فرق کو کم کر دیا۔میچ اس وقت ڈرامائی صورتحال اختیار کر گیا جب آٹھویں سیریز تک 30 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہنے والی ایشا سنگھ نویں سیریز میں تمام شاٹس مکس کر گئیں اور انہیں کانسے کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔ آخری سیریز کے بعد منو اور تھوئی کے پوائنٹس 35-35 سے برابر ہو گئے، جس کے باعث فیصلہ شوٹ آف پر ہوا۔ پہلے شوٹ آف میں دونوں برابر رہیں، لیکن دوسرے شوٹ آف میں منو تین شاٹ مکس کر گئیں اور یوں سونا ویتنام کے حصے میں چلا گیا۔جونیئر فائنل میں نامیا کپور نے کمالِ صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈونیشیا کی ریحاد طول اسفیہ کو شوٹ آف میں شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔ نامیا نے شوٹ آف میں تین شاٹ لگائے جبکہ ان کی حریف ایک بھی شاٹ نہ لگا سکیں۔ اسی ایونٹ میں انجلی بھگوت نے 24 پوائنٹس کے ساتھ کانسہ کا تمغہ جیتا۔انفرادی کامیابیوں کے علاوہ، ہندوستانی ٹیموں نے سینئر اور جونیئر دونوں ٹیم ایونٹس میں بھی طلائی تمغے جیت کر اپنی برتری ثابت کر دی۔












