کیپ ٹاؤن (یواین آئی) جنوبی افریقہ کے مستقل محدود اوورز کے کپتان ایڈن مارکرم اور ٹیمبا باووما اگلے ماہ آسٹریلیا کے دورے کے لیے بالترتیب ٹی20 اور ون ڈے ٹیموں کی قیادت کریں گے۔جنوبی افریقی سلیکٹرز نے نئے سلیکشن چیف پیٹرک مورونی کے یکم اگست کو کام شروع کرنے سے پہلے آسٹریلیا دورے کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ ون ڈے ٹیم میں تیزگیندباز کگیسو ربادا اور اسپنر کیشو مہاراج کو شامل کیا گیا ہے، تاہم مہاراج ٹی20 اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔ ان کی جگہ بائیں ہاتھ کے اسپنر جارج لنڈے اور سینورَن متھوسامی، جو اس وقت زمبابوے میں ہیں، لیگ اسپنر نکابا پیٹر کے ساتھ کھیلیں گے، کیونکہ جنوبی افریقہ اگلے سال ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے مختلف امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔ٹی20 ٹیم میں ریان رکیلٹن اور ٹرسٹن ا سٹبز کی واپسی ہوئی ہے۔ لوان-ڈری پریٹوریئس اور ڈیوالڈ بریویس کو ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے۔مارکرام کو زمبابوے میں ہونے والی ٹیسٹ اور ٹی20 سیریز سے آرام دیا گیا تھا، جبکہ باووما جون میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں ہیمسٹرنگ انجری کے باعث باہر ہو گئے تھے۔ دونوں کپتانوں کے پاس مکمل ٹیمیں دستیاب ہوں گی۔ جنوبی افریقہ کے باقاعدہ کھلاڑیوں میں سے مارکو یانسن اور ڈیوڈ ملر ایسے دو کھلاڑی ہیں جو اس اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔ جانسن اپنے بائیں انگوٹھے کی سرجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں جبکہ ملر "دی ہنڈرڈ” میں کھیلیں گے۔ ان کی ستمبر میں جنوبی افریقہ کی انگلینڈ کے خلاف وائٹ بال سیریز میں واپسی متوقع ہے۔ جنوبی افریقی کوچ شکرِی کونراڈ نے کہا، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے بعد آرام کے بعد ہمارے سینئر کھلاڑیوں کی واپسی ٹیم کے لیے قیمتی ہے۔ ان کا تجربہ اور مہارت دونوں فارمیٹس میں ایک مضبوط ٹیم بنانے میں مدد دے گا۔ اب ہر سیریز اگلے سال کے ٹی20 ورلڈ کپ اور 2027 میں گھریلو ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کو تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔”دورہ آسٹریلیا کے لیے جنوبی افریقہ کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم درج ذیل ہے:- ایڈن مارکرم (کپتان)، کوربن بوش، ڈیولڈ بریوس، ناندرے برگر، جارج لنڈے، کوینا ایمفاکا، سینوران متھوسامی، لونگی انگیڈی، نکابا پیٹر لوان ڈری پریٹوریس، کاگیسو ربادا،ریان رکیلٹن، ٹرسٹن اسٹبس، پرینیلان سبرین اور راسی وین ڈیر ڈوسن۔ون ڈے اسکواڈ:- ٹیمبا باوما (کپتان)، کوربن بوش، میتھیو بریٹزکے، ڈیولڈ بریوس، ناندرے برگر، ٹونی ڈی جارجی، ایڈن مارکرم، سینوران متھوسامی، کیشو مہاراج، ویان مولڈر، لونگی انگیڈی، لوان ڈری پریٹوریئس، کاگیسو ربادا، ریان رکیلٹن، ٹرسٹن اسٹبس اور پرینیلان سبرین۔