نئی دہلی، پریس ریلیز،ہمارا سماج: داماد پیغمبر ،فاتحِ خیبر، مولائے کائنات، شیر خدا، مشکل کشا، حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے یوم شہادت کے موقع پر سالہائے گزشتہ کی طرح امسال بھی ایک جلسہ صاحبزادہ محمد اسید احمد کے زیر سرپرستی و صدارت بعد نماز تراویح مرکز اہلسنت مسجد شیخان باڑہندو راؤ دہلی میں منعقدہوا۔ جلسہ کا آغاز قل شریف سے ہوا، نعت و منقبت کے بعد مولانا فروغ احمد طریقی نے مولائے کائنات سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کی عظمت و فضیلت بیان کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی ذات بے شمار خوبیوں کی مظہر ہے ۔ آپ کی ولادت خانہ کعبہ کے اندر ہوئی لیکن آپ نے آنکھ کھول کر خانہ کعبہ کا منظر نہیں دیکھا اور اپنی آنکھیں بند رکھیں ۔جب رسول اکرم ﷺ تشریف لائے اور آپ نے انھیں اپنی آغوش میں لیا تو آپ نے اپنی آنکھیں کھول دی اور دنیا میں آتے ہی سب سے پہلے نبی آخرالزماں ﷺ کا دیدار کیا۔ آپ بچوں میں سب سے پہلے ایمان لائے ۔ سرور کائنات ﷺ نے ارشاد فرمایاکہ ’ علی مجھ سے ہے اور میں علی سے ہوں ‘ ۔ نیز آپ نے فرمایا کہ علی ہر مومن کے لئے مددگار ہے ۔آپ ﷺ نے یہ بھی فرمایا کہ جس کا میں مولا اس کا علی مولاہے ۔ مولانا فروغ نے مزید کہاکہ حضرت امیر المومنین سیدنا ابو بکر صدیق باربار مولائے کائنات کے چہرہ کو دیکھتے تھے اور آپ نے فرمایا کہ میرے آقا ﷺ نے فرمایا ہے کہ علی کے چہرہ کو دیکھنا عبادت ہے۔ اس لئے میں ان کا چہرہ دیکھ رہا ہوں۔ سرکار دوعالم ﷺ نے یہ بھی فرمایا کہ علی سارے ولیوں کے سردار ہیںاور ولایت ان کے در سے ملے گی۔ مولانا فروغ نے کہاکہ ان تمام احادیث سے پتہ چلتا ہے کہ مولائے کائنات کی کیا شان تھی اور آپ کا کیا مرتبہ تھا۔ صلاۃ وسلام دعاء تقسیم تبرک کے بعد جلسہ ختم ہوا۔ اس دوران حافظ حسن رضا ، حافظ عطاء الرحمن رعنا مظہری ،شاہ نواز احمد ، احمد دین ، محمد فرمان ،محمد عمران ، محبوب میاں ،، ضمیر الدین ،محمد اقبال سمیت کثیر تعداد میں لوگوںنے شرکت کی ۔