نئی دہلی:جمعیۃ علما شمال مشرقی دہلی کے ناظم اعلیٰ مولانا جمیل اختر قاسمی لوگوں سے کاروبارکے نام پر کروڑوں روپئے لے کر فراربتائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے عوام وخواص میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے ۔زمینی سطح سے لے کر سوشل میڈیاتک مولانا قاسمی پر غم و غصہ کا اظہار کیا جارہا ہے ۔آج اسی بابت جمعیۃ علماضلع شمال مشرقی دہلی مجلس عاملہ کی ایک ہنگامی میٹنگ مدرسہ زینت القرآن ویلکم میں منعقد ہوئی جس کی صدارت ضلع صدرالحاج محمد سلیم رحمانی اور نظامت مفتی محمد گلزار دہلوی نے کی۔ میٹنگ کا آغاز مفتی محمد ابصار قاسمی کی تلاوت اورمفتی محمد اسلم قاسمی کے نعتیہ کلام سے ہوا۔میٹنگ میں اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا کہ مولانا جمیل اختر قاسمی نے جو کام کیا ہے وہ قانونا اور شرعا ناقابل معافی ہے اس لئے تمام شرکاء سے رائے لینے کے بعد عاملہ کے متفق فیصلہ سے جمیل اختر کو فوری طوپر تمام عہدوں سے برخواست کردیا گیااور ایک چار رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں قاری فضل الرحمان( نائب صدر ضلع)،مولانا ہارون قاسمی، مفتی محمد دلشاد قاسمی،حاجی سرور( صدر حلقہ ویلکم) شامل ہیں جو تحقیق کے بعد عاملہ میں رپورٹ پیش
کریں گے نیز جمعیۃیا جمعیۃسے متعلقہ افراد کا جمیل اختر کے کسی بھی ذاتی مالی لین دین سے کوئی تعلق نہیں ہے اورجمعیت مکمل طور پر جمیل اختر سے برأت کا اظہار کرتی ہے۔جمعیت جس طرح ضلع میں دینی ملی رفاہی خدمات انجام دے رہی تھی آگے بھی اسی طرح ان شاء اللہ کام کرتی رہے گی جس کے لئے اراکین عاملہ نے متفقہ طور پر مفتی گلزار دہلوی کو ناظم مقرر کیا ہے۔ اخیر میں مفتی محمد دلشاد قاسمی کے دعاء پر میٹنگ کا اختتام ہوا ۔اہم شرکاء میں قاری فضل الرحمان ( نائب صدرضلع)،قاری خورشید عالم( نائب سکریٹری)،مفتی محمد ابصار( صدر حلقہ کبیر نگر)مولانا سرتاج ( سکریٹری حلقہ کبیر نگر)،مولانا شمیم عادل( سکریٹری حلقہ وزیر آباد)،ِمولانا محمد ہارون قاسمی ( صدر حلقہ کھجوری)،مفتی مظفر حسین جامعی (سکریٹری حلقہ سندرنگری)،قاری انیس (ناظم حلقہ کھجوری)ڈاکٹر راشد ( ناظم حلقہ جنتا کالونی)،مفتی نسیم (صدر حلقہ منڈولی)اورحاجی سرور صدر حلقہ ویلکم موجود تھے۔