دبئی، (یو این آئی) ڈینیئل میدویدیف نے دبئی ٹینس چیمپئن شپ کا اپنا دوسرا ٹائٹل جیت لیا ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس طرح جیتنا نہیں چاہتے تھے۔ نیدرلینڈز کے ٹیلن گریکسپور انجری کی وجہ سے فائنل سے دستبردار ہو گئے، جس کے باعث میدویدیف کو واک اوور مل گیا۔گریکسپور جمعہ کو آندرے روبلیو کے خلاف سیمی فائنل کے دوران بائیں ہیمسٹرنگ کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے۔ بی بی سی اسپورٹس کے مطابق، ہفتے کے روز طبی معائنے کے بعد ٹورنامنٹ انتظامیہ نے انہیں کھیلنے کے لیے "نااہل” قرار دے دیا۔ روسی اسٹار میدویدیف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس پر لکھا: "میں فائنل اس طرح نہیں جیتنا چاہتا تھا۔ امید ہے کہ ٹیلن کی انجری زیادہ سنگین نہیں ہوگی، میں ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔”یہ میدویدیف کے کیریئر میں پہلا موقع ہے کہ انہوں نے ایک ہی ٹورنامنٹ دوسری بار جیتا ہو۔ ان کے گزشتہ 22 ٹائٹلز الگ الگ شہروں اور ایونٹس میں تھے۔ میدویدیف نے اے ٹی پی ٹور کی ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے کہا، یہ حیران کن ہے، میں نے دنیا کے کسی شہر میں ایسا نہیں کیا تھا، اور پہلی بار جب میں نے اپنا ٹائٹل دفاع کیا تو یہ واک اوور کے ذریعے ہوا۔ میں نے اس ٹورنامنٹ میں بہترین ٹینس کھیلی، میں فائنل کھیلنا چاہتا تھا لیکن حالات ایسے ہی ہیں۔”سابق عالمی نمبر ون میدویدیف نے اس سال دو اور گزشتہ چار ماہ میں تین ٹائٹل جیتے ہیں۔ تاہم، ان کی اگلی منزل یعنی کیلیفورنیا میں ہونے والے انڈین ویلز ٹورنامنٹ کے لیے روانگی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں اور جواباً ایرانی کارروائیوں کے بعد اپنی فضائی حدود جزوی طور پر بند کر دی ہیں، جس کی وجہ سے پروازیں منسوخ یا موخر ہو رہی ہیں۔دوسری جانب، برطانیہ کے ہنری پیٹن اور فن لینڈ کے ہری ہیلیووارا نے مارسیلو اریوالو اور میٹ پاوِک کو شکست دے کر مردوں کے ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔












