نئی دہلی،: سیلم پور اسمبلی کی ترقی کے لئے رکن اسمبلی عبدالرحمن نے اپنے سیلم پور آفس میں شمع ایجوکیشنل اینڈ پولی ٹیکنک سوسائٹی اور جعفرآباد آر ڈبلیو کی درخواست پر ایک خصوصی میٹنگ بلائی جس میں ایس ڈی ایم سیلم پور شرت کمار، سب انسپکٹر ٹریفک گنگا پرساد، اسسٹنٹ انجینئر پی ڈبلیو ڈی ارون کمار نے شرکت کی۔ ایم سی ڈی سے وشال پال، محکمہ تعلیم سے گیان پرکاش، محمد ابو قمر وغیرہ کے علاوہ شمع ایجوکیشنل اینڈ پولی ٹیکنیک سوسائٹی اور جعفرآباد آر ڈبلیو اے کے عہدیداران بھی اس خصوصی میٹنگ میں موجود تھے۔تنظیم کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر فہیم بیگ نے ترقی کے ایجنڈے کو سامنے رکھتے ہوئے کچھ تجاویز پیش کیں جن میں زینت محل سکول سے ویلکم کی طرف فٹ اوور برج کی تعمیر، روڈ نمبر۶۶ پر واقع ایم سی ڈی کے ڈھلائوکے برابر میں خواتین اور مردوں کے بیت الخلاءکی تعمیر۔ وجے محلہ مین روڈ پر واقع چوہان بانگر مڈل اسکول کی نوتعمیر، جعفرآباد میٹرو اسٹیشن کے نیچے واقع پولیس چوکی کو ۴۲گھنٹے پولیس عملہ کے ساتھ چالو کرنا ، سیلم پور میٹرو اسٹیشن سے بابر پور میٹر اسٹیشن تک میٹرو پلر پر ملک کے بہادر بیٹوں اور مجاہدین آزادی کی تصاویربنانا۔روڈ نمبر ۶۶ کے نالے کی دیواروں پر ہندوستان کی اہم عمارتوں اور تاریخی نشانات سے مزین کرنا، جعفرآباد مین روڈ، برہمپوری مین روڈ پر تجاوزات کا خاتمہ اور نابالغ آٹو ڈرائیوروں کے زور زور سے گانے بجانے پر پابندی لگانے اور علاقے کی خوبصورتی کے لیے سڑک کے دونوں طرف درخت، پھول وغیرہ لگا کر آئی لو سیلم پور، آئی لو جعفرآباد کے نام سے سیلفی پوائنٹس اور استقبالیہ گیٹس کی تعمیر وغیرہ شامل ہیں۔ڈاکٹر خورشید احمداور ڈاکٹر محمد لئیق نے بھی اپنی اپنی تجویز پیش کی۔ایم ایل اے عبدالرحمن نے کہا کہ شمع این جی او اور مقامی جعفرآباد آر ڈبلیو اے نے ہم سے سیلم پور ودھان سبھا کے ترقیاتی کاموں کے لیے ایک خصوصی میٹنگ منعقد کرنے کی درخواست کی تھی جس میں علاقے کی ترقی اور خوبصورتی پرزور دیا جائے ، اس لئے آج ہم نے مختلف محکموں کے افسران کو بلایا اور تنظیموں کے ذمہ داران نے جو تجاویز پیش کیں ہیں یقینا علاقے کی تعمیرو ترقی کے لئے بہت اہم ہیں ہم اس پر جلد ہی متعلقہ محکموں کے افسران سے مل کر منصوبہ بنائیں گے اور علاقے کو تعمیرو ترقی اور تزئین کاری کے حوالے سے نئی شناخت دیں گے کیونکہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال بھی یہی چاہتے ہیں کہ دہلی کو عالمی معیار کا شہر بنایا جائے جس پر ہماری حکومت سخت محنت بھی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سیلم پور اسمبلی حلقہ کو خوبصورت، صاف ستھرا، محفوظ اور ترقی یافتہ بنانے کے لئے اپنی پوری طاقت لگا رہے ہیں۔ سماجی تنظیموں، معززین علاقہ اس سفر ہماری مدد کررہے ہیں۔ ڈاکٹر فہیم بیگ اور ان کی پوری ٹیم کا بطور خاص شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ آج جو تجاویز دی گئی ہیں انہیں پورا کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔تمام افسران نے بھی اپنی طرف سے یقین ہانی کرائی کہ ان تمام تجاویز پر تمام کام ایم ایل اے کی رہنمائی میں جلد ہی مکمل کر لیا جائے گا۔اس خصوصی میٹنگ میں شاویز پٹھان، یوسف انصاری، نعیم انصاری، شمس الدین، سلیم ملک، کاشف انصاری، منیر احمد، محمد صابر، محمد ابو قمر، اکرم صدیقی، روہت کمار، دلشاد، صدام پردھان اور محمد عرفان وغیرہ موجود تھے۔