بہارشریف(محمد راشد عالم) نالندہ ضلع کے نورسرائے تھانہ علاقہ کے ڈوئیہ گاؤں میں اتوار کو لاپتہ ہونے والے ایک معصوم بچے کی لاش گاؤں کے ہی ایک موبائل ٹاور کے پاس دھان کے پونج میں دبی ہوئی ملی تھی۔مرنے والے کی شناخت سونو پاسوان کے 6 سالہ بیٹے دیپانشو کمار کے طور پر کی گئی ہے۔معصوم کی لاش ملنے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔واقعہ کے بارے میں متوفی کے والد سونو پاسوان نے بتایا کہ اتوار کی دوپہر دیپانشو کمار گاؤں میں کھیلنے کے لیے گھر سے نکلا تھا جب شام کو سردی بڑھ گئی تو متوفی کی ماں گرم کپڑوں کے ساتھ باہر گئی اس کی تلاش کی مگر رات گئے تک کچھ نہ ملا وہ تھک ہار کر گھر پہنچی اور مقامی تھانہ کو غم سودگی کی اطلاع دی۔اہل خانہ نے شام میں ہی کسی ناخوشگوار واقعے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔پیر کے روز دیر شام بچے کی لاش گاؤں سے کچھ دور پر واقع ٹاور کے قریب ھان کے بھوسے کے ڈھیر سے ڈھکی ہوئی ملی،جب گاؤں کے دوسرے بچے اس جگہ کھیل رہے تھے۔اس کے بعد گاؤں میں بچے کی لاش ملنے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس کے بعد اس کی اطلاع مقامی پولیس کو دی گئی۔جاں بحق ہونے والے معصوم بچے کے والد نے بھی گاؤں میں کسی قسم کے جھگڑے کی تردید کی ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی بھارت سونی اور ایس ڈی پی او سنجے کمار جیسوال فوراً پولیس ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے اور معاملے کی جانچ شروع کردی،اس دوران پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کی ہے۔ایف ایس ایل اور ڈاگ اسکواڈ کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہے۔ایس پی بھارت سونی نے بتایا کہ لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی،تحقیقات کی جارہی ہیں۔پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی قتل کا پتہ چل سکے گا۔