میکسیکو سٹی، (یواین آئی) لیونل میسی نے اعتراف کیا ہے کہ بچپن میں انگلش زبان نہ سیکھنا اُن کی زندگی کی بڑی کوتاہیوں میں شامل ہے۔ایک میکسیکن پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر نے کہا کہ زندگی میں کئی باتوں پر افسوس رہتا ہے اور ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ انہوں نے کم عمری میں انگلش کی تعلیم پر توجہ نہیں دی۔میسی کے مطابق اُن کے پاس زبان سیکھنے کا موقع اور وقت موجود تھا، لیکن انہوں نے اس سے فائدہ نہیں اٹھایا، جس کا انہیں آج شدید احساس ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ متعدد مواقع ایسے آئے جب وہ دنیا کی غیر معمولی شخصیات سے مؤثر انداز میں بات چیت کر سکتے تھے، مگر زبان کی کمی کے باعث خود کو ادھورا محسوس کرتے رہے۔ان کا کہنا تھا کہ اب وہ اکثر سوچتے ہیں کہ وقت ضائع کرنا بڑی غلطی تھی، اسی لیے وہ اپنے بچوں کو تعلیم پر پوری توجہ دینے کی تلقین کرتے ہیں۔












