میوات انجینئرنگ کالج مستقبل میں نئے کورسیز کیساتھ ترقی کی نئی جہتیں قائم کریگا
نوح،میوات، یکم دسمبر،سماج نیوز سروس: ہریانہ وقف بورڈ کے ہیڈکوارٹر امبالہ میں جمعرات کو بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی نائب صدر اور ہریانہ وقف بورڈ کے ایڈمنسٹریٹر چودھری ذاکر حسین سابق ایم ایل اے کی صدارت میں ہریانہ وقف بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں کی ایک اہم ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میںاسٹیٹ آفیسرز، وقف انچارج جناب دین محمد، وقف انچارج جناب ایاز محمود وغیرہ نمایاں طور پر موجود تھے۔کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی اس اہم میٹنگ میں ہریانہ وقف بورڈ کی قیادت میں چلائے جارہے میوات انجینئرنگ کالج وقف پلہ (نوح) میں بہتر تعلیم اور اس کی پیشرفت کے لیے کئی اہم پہلوؤں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہریانہ وقف بورڈ کے ایڈمنسٹریٹر چودھری ذاکر حسین و سی ای محمد مو شائین خان آئی اے ایس پہلے دن سے ہی وقف بورڈ کی ترقی کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ میوات انجینئرنگ کالج کافی عرصے سے رینگ رہا ہے۔ بورڈ کی حالت بھی پوری طرح سے بہتر نہیں ہوئی۔ اس لیے بورڈ کے لیے میوات انجینئرنگ کالج کو چلانا بہت مشکل ہوتا جا رہا تھا۔ ایڈمنسٹریٹر چوہدری ذاکر حسین نے میوات انجینئرنگ کالج میں بہتر تعلیم فراہم کرنے اور اس کے روشن مستقبل کے لئے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ کالج کی بہتری کے لیے میٹنگ میں آج کئی اہم فیصلے لیے گئے جن میںنئے سیشن سے میوات انجینئرنگ کالج میں میوات کالج آف فارمیسی کے نام سے بی فارما، ڈی فارما اور اے این ایم کورسز شروع کرنے ، کورسز میں داخلے میں خاص طور پر میوات علاقہ کی لڑکیوں کو ترجیح دینے ،کالج کے عملے کی تنخواہ سمیت ایک کروڑ 24 لاکھ روپے کے بجٹ کی منظوری ، کالج میں مسابقتی امتحانات کے لیے مفت کوچنگ شروع کرنے کی منظوری دی گئی ۔ علاوہ ازیں کالج کی بہتری اور میوات خطے کے طلباء کے روشن مستقبل کیلئے کام کیا جائیگا۔