جگدلپور، چھتیس گڑھ کے بستر ضلع کے مالگاؤں میں آج دوپہر ایک کان میں گرنے سے سات دیہاتی ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولس وکاس کمار نے بتایا کہ یہ بڑا حادثہ مالگاؤں پنچایت میں کوٹری نماکان کے گرنے کی وجہ سے پیش آیا، جو ڈویژنل ہیڈکوارٹر جگدل پور سے تقریباً 11 کلومیٹر دور واقع ہے۔ دراصل مالگاؤں پنچایت میں،بستی کے باہر سڑک کی تعمیر کے لیے مروم کے لیے کھدائی کی گئی تھی۔ جیسے ہی اس گڑھے میں چھوئی (ملتانی مٹی جیسی ہموار مٹی) نکلنے کی اطلاع ملی، گاؤں والے کھدائی کے لیے پہنچنا شروع ہوگئے ۔ گزشتہ 3دنوں سے دیہاتی کوٹری نما کان سے مٹی نکال رہے تھے ، اسی دوران آج تقریباً 10فٹ اندر کھدائی کرتے ہوئے کان میں دھنس گئی۔واقعے کے بعد باہر کھڑے لوگوں نے گاؤں والوں کو مدد کے لیے بلایا۔ کان مکمل طور پر دھنس جانے کی وجہ سے گاؤں والے کچھ نہیں کر سکے اور فوری طور پر پولس اور ضلع انتظامیہ کو اطلاع دی گئی۔ پولس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم موقع پر پہنچی اور جے سی بی کے ذریعے کھدائی شروع کی، تب تک کافی دیر ہوچکی تھی۔ کان کے اندر چھ دیہاتی کی موت ہو گئی تھی، جب کہ دو گاؤں والوں کو زخمی حالت میں ضلع اسپتال لایا گیا تھا۔ زخمیوں میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ 12سالہ لڑکی پورنیما کا علاج جاری ہے۔ حادثے میں چھ خواتین اور ایک مرد کی موت کی تصدیق ہو گئی ہے ۔ جائے حادثہ پر ریسکیو کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔ واقعہ کے بعد سے پورے گاؤں میں سوگ کا ماحول ہے ۔ مرنے والوں کی شناخت دشمتی، کملی، رامیشر، شانتی، کماری، من متی اور شیتو کے طور پر ہوئی ہے۔ وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے بستر ضلع کے بکاونڈ ترقیاتی بلاک کے مالگاؤں گاؤں میں کان کے گرنے سے دیہاتیوں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین کو فی کس 4 لاکھ روپے ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی تمام زخمیوں کے بہتر علاج کی ہدایت کی ہے ۔