پٹنہ ، ،سماج نیوز سروس: ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور نے آج وزیر تعلیم سنیل کمار سے ملاقات کر کے انہیں دوبارہ وزیر بنائے جانے پر مبارکباد پیش کی ۔اس خوشگوار ملاقات پر اپنے تاثرات پیش کر تے ہوئے ایم ایل سی خالد انور نے کہا کہ اس بارسنیل کمار جی کو ہائرایجو کیشن اور سائنس و ٹکنا لوجی اور ٹکنیکل ایجو کیشن کا بھی اضافی چارج دیا گیا ہے ،جو کہ خوش آئند قدم ہے ۔ وزیر موصوف اپنی بے انتہا سادگی اور انتھک محنت کے لیے جانے جاتے ہیں۔ بہار کی عوام اور وزیر اعلیٰ نتیش کمارکو ان پر پورا بھروسہ ہے۔ ڈاکٹر انور نے اعتماد کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ وزیر موصوف کہنے سے زیادہ کرنے میں یقین رکھتے ہیں اور بلا کسی تفریق کے وہ بہار کے تمام طبقات کو تعلیم کے قومی دھارے سے جوڑنے کا مضبوط عزم رکھتے ہیں ۔ محکمہ تعلیم میں واقع وزیر موصوف کے دفتر میں ہوئی اس ملاقات کے دوران بہار کے تعلیمی موضوع پرمختصر گفتگو ہوئی ۔ڈاکٹر انور نے کہا کہ وزیر موصوف نے اردو اساتذہ اور مدارس پر تفصیلی بات چیت کیلئے آئندہ میٹنگ کا وقت دیا ہے ۔ انشاءاللہ تفصیلی گفتگو ہو گی۔اس موقع پر جنتا دل (یونائیٹڈ) کے ریاستی ترجمان ابھیشیک جھا اور پارٹی کے اقلیتی سیل کے ریاستی جنرل سکریٹری مناظر سہیل بھی موجود تھے۔












