نئی دہلی: ہندوستان میں اقلیتوں پر حملے کوئی نئی بات نہیں ہیں، لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ کورونا بحران کے دوران ہندوستان اقلیتوں کو ہدف بنانے کے معاملے میں پہلے مقام پر ہے۔ یہ انکشاف امریکہ کے تھنک ٹینک ’پیو ریسرچ سنٹر‘ نے اپنی ایک تحقیق میں بتایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کورونا بحران کے دوران ہندوستان میں مذہبی بنیاد پر اقلیتوں کو سب سے زیادہ نشانہ بنایا گیا۔ ہندوستان دنیا میں سب سے خراب کارکردگی والے ممالک کی فہرست میں پہلے مقام پر ہے۔پیو ریسرچ سنٹر کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2020 میں ہندوستان دنیا کے ان ممالک میں سب سے اوپر تھا جہاں وبا کے پس پشت اقلیتوں کو ہدف بنایا گیا۔ اس کے لیے سوشل میڈیا پر کئی طرح کی مہم بھی چلائی گئی۔ تحقیق کے مطابق کورونا وبا کے دوران الگ الگ طرح کے ہیش ٹیگ چلا کر اقلتیوں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں #CoronaJihad جیسے ہیش ٹیگ بھی شامل ہیں۔پیو ریسرچ سنٹر نے مجموعی طور پر دنیا کے 198 ممالک کو اپنی تحقیق کے دائرے میں لیا۔ ان میں سب سے خراب کارکردگی ہندوستان کی رہی۔ اسٹڈی میں ایسے 11 ممالک کو الگ کیا گیا ہے جنھوں نے ایس ایچ آئی (سوشل ہاسٹلٹیز انڈیکس) میں سب سے خراب کارکردگی کی ہے۔ اس میں ہندوستان کو نائیجیریا، افغانستان، اسرائیل، مالی، صومالیہ اور پاکستان سے بھی پیچھے دکھایا گیا ہے۔ اس فہرست میں مصر، لیبیا اور سیریا جیسے ممالک بھی شامل ہیں۔ فہرست میں پہلی رینکنگ کا مطلب سب سے خراب کارکردگی ہے۔پیو ریسرچ سنٹر نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ہندوستان کی ایس ایچ آئی رینکنگ پہلے سے ہی خراب تھی۔ جب ہندوستان میں 2019 میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف مظاہرے ہوئے تھے، تب بھی ہندوستان انڈیکس کی ’ویری ہائی‘ کیٹگری میں شامل تھا۔ پیو ریسرچ سنٹر کی یہ رپورٹ 29 نومبر کو جاری کی گئی ہے جس میں صاف طور پر کہا گیا ہے کہ 2020 میں جب کورونا وبا کو لے کر پابندیاں لگائی گئی تھیں تو کیسے دنیا بھر میں مذہبی اداروں کو نشانہ بنایا گیا۔












