کانگریس ایم پی راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران مہاراشٹر میں ایک بار پھر مودی سرکار پر حملہ بولا
’’ پی ایم مودی قبائلیوں کو جنگل میں رہنے والے کہتے ہیں، لیکن آدیواسی اور جنگل میں رہنے والے الفاظ کے مختلف معانی سمجھے جاتے ہیں‘‘-راہل گاندھی (کانگریس سابق صدر)
عامر سلیم خان
نئی دہلی، سماج نیوز سروس: کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس کی’بھارت جوڑو یاترا‘کا مہاراشٹر میں آج یعنی اتوار کو آخری دن ہے۔ مہاراشٹرا کے آخری دن یاترا ضلع بلڈھانہ سے نکلی۔ مہاراشٹر سے یہ پد یاترا اتوار کی رات مدھیہ پردیش میں داخل ہوگی۔ سفر کے 74 ویں دن سائی رام ایگرو سینٹر میں رات کے آرام کے بعد یہ صبح 6 بجے بلڈھانہ کے بھنڈوال سے دوبارہ شروع ہوئی۔ اسی سلسلے میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مہاراشٹر کے بلڈھانہ ضلع کے جل گاؤں جا مود میں قبائلی خواتین ورکرزکی کانفرنس سے خطاب کیا۔ یہاں انہوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت پر یونائیٹڈ پروگریسو الائنس (یو پی اے) کے ذریعہ قبائلیوں کو بااختیار بنانے کے لئے بنائے گئے قوانین کو کمزور کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ جب ان کی پارٹی دوبارہ اقتدار میں آئے گی تو ان قوانین کو مزید مضبوط کیا جائے گااو رہرحال میں وہ سارے قوانین واپس لائے جائینگے جو عوام الناس کی بہتری کیلئے بنائے گئے تھے۔
اس دوران کانگریس سابق صدر راہل گاندھی نے کہا کہ قبائلی ملک کے پہلے مالک ہیں اور انہیں دوسرے شہریوں کی طرح مساوی حقوق حاصل ہیں۔ مودی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت پنچایت (شیڈولڈ ایریاز میں توسیع) ایکٹ، فاریسٹ رائٹس ایکٹ، اراضی کے حقوق، پنچایت راج ایکٹ اور مقامی اداروں میں خواتین کیلئے ریزرویشن جیسے قوانین کو کمزور کر رہی ہے۔راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم مودی قبائلیوں کو جنگل میں رہنے والے کہتے ہیں، لیکن آدیواسی اور جنگل میں رہنے والے الفاظ کے مختلف معانی سمجھے جاتے ہیں۔ ون واسی کا مطلب ہے کہ آپ صرف جنگلوں میں رہ سکتے ہیں، شہروں میں نہیں، آپ ڈاکٹر اور انجینئر نہیں بن سکتے اور آپ ایسی صورت میں ہوائی جہاز میں سفر نہیں کر سکتے۔ اس دوران کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے سنگین الزام لگایا کہ وزیر اعظم قبائلیوں کی زمین چھین کر اپنے دوستوں کو دینا چاہتے ہیں۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی کا مزید کہنا تھا کہ جب ہم اقتدار میں آئیں گے تو ان قوانین کو مضبوط کریں گے اور آپ کی فلاح و بہبود کیلئے نئے قوانین بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی دادی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کہا کرتی تھیں کہ قبائلی ملک کے پہلے مالک ہیں، اگر آپ قبائلیوں کی ثقافت اور تاریخ کو نہیں سمجھیں گے تو آپ ملک کو نہیں سمجھ پائیں گے۔بتایا جا رہا ہے کہ پیر کو بھارت جوڑو یاترا کے یاتریوںکیلئے آرام کا دن ہوگا۔ اس دن راہل گجرات اسمبلی انتخابات کی مہم چلائیں گے۔ گجرات میں اسمبلی انتخابات کیلئے 5 دسمبر کو ووٹ ڈالے جانے ہیں۔ بھارت جوڑو یاترا 7 ستمبر کو تمل ناڈو کے کنیا کماری سے شروع ہوئی تھی۔دریں اثنا، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈراآئندہ ہفتہ مدھیہ پردیش میںبھارت جوڑو یاترا میں شامل ہوں گی۔ یہ پہلا موقع ہے جب پرینکا اس پد یاترا میں حصہ لیں گی۔بھارت جوڑو یاترا 20 نومبر کو مدھیہ پردیش میں داخل ہوگی۔ یہ سفر جموں وکشمیر میںجاکر ختم ہوگا۔ بھارت جوڑو یاترا نے اب تک 3,570 کلومیٹر کی کل طے شدہ دوری کا تقریباً نصف طے کرلیا ہے۔