نئی دہلی، (یواین آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وہ مودی حکومت کی حقیقت کو سامنے لاتے ہیں، اسی لیے ان کی آواز دبائی جاتی ہے، لیکن اس سچ کو کوئی نہیں دبا سکتا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے توانائی کی سلامتی پر سمجھوتہ کیا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت سچ نہیں سن سکتی۔ جب وہ پارلیمنٹ میں سچ بولتے ہیں تو حکومت ان کی آواز بند کر دیتی ہے، انہیں بولنے نہیں دیا جاتا اور ان کا مائیک بند کر دیا جاتا ہے۔ کانگریس لیڈر نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھاکہ "میں نے پارلیمنٹ میں کہا کہ مودی حکومت نے ہندوستان کی توانائی کی سلامتی پر سمجھوتہ کیا ہے – مائیک بند کر دیا گیا۔ پھر جیسے ہی میں نے مودی جی کا نام ایپسٹین فائل میں ہونے کا ذکر کیا – مائیک بند کر دیا گیا۔ میں نے پٹرولیم وزیر ہردیپ سنگھ پوری اور ایپسٹین سے جڑے سوال اٹھائے – مائیک بند کر دیا گیا۔ میں نے ان کی بیٹی کی کمپنی میں سوروس کے پیسے لگنے پر بات کرنے کی کوشش کی – مائیک بند کر دیا گیا۔” انہوں نے کہا کہ ایک بات دب نہیں سکتی: نریندر مودی نے "خودسپردگی” کی ہے۔












