نئی دہلی، (یو این آئی) کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے بھارت منڈپم میں احتجاج کرنے کے الزام میں یوتھ کانگریس کے کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی پر سیدھا حملہ کیا اور کہا کہ کانگریس اور اس کے کارکنان نہیں بلکہ مسٹر مودی خود ڈرپوک ہیں، جو پارلیمنٹ کی کارروائی میں حصہ لینے سے بھی ڈرتے ہیں۔کانگریس صدر نے وزیر اعظم پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ کر کے کسانوں کو نقصان پہنچایا ہے اور جب یوتھ کانگریس کے کارکنان اس کے خلاف احتجاج کرتے ہیں تو انہیں ڈرانے کے لیے گرفتار کر لیا جاتا ہے لیکن کانگریس ڈرنے والی نہیں ہے۔ مسٹر کھڑگے نے سوشل میڈیا پر کہا، "آج نوجوان نوکریوں کے لیے ترس رہے ہیں اور ملک کا ماحول اس قدر بگڑ چکا ہے کہ مودی جی کے خلاف لوگوں میں شدید غصہ ہے۔ مسٹر مسٹر ٹرمپ کے سامنے انہوں گھٹنے ٹیک دئے۔ ناک رگڑ کر ان کی تمام شرائط مان لیں، جس کی وجہ سے پورا ملک شرمندہ ہوا۔ جو کام ہمارے کسانوں کی بھلائی اور مدد کے لیے کیا جانا چاہیے تھا، اس کے بجائے کسانوں کو نقصان پہنچانے کی بات چیت کی گئی۔ اس سے یہ بھی واضح ہو گیا ہے کہ لوگ سمجھتے تھے کہ مودی جی ملک کے مفاد میں ٹرمپ سے بات کر رہے ہیں، لیکن حقیقت میں ٹرمپ ہمیں غلام بنا رہا ہے اور ہمیں بندھوا مزدور بنانے کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ یہ کام مودی جی کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید لکھا، کانگریس ڈرنے والی نہیں ہے اور نہ ہی بزدل ہے۔ مودی صاحب خود ڈرپوک ہیں، خوف کی وجہ سے وہ پارلیمنٹ میں آکر اپنی پالیسیوں کا دفاع بھی نہیں کر پاتے۔ اسی لیے وہ ہمیں ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمارے نوجوانوں کو ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمارے نوجوان لیڈروں کو ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ نہیں چلے گا۔ میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔ ہم ملک میں جمہوریت اور آئین حفاظت کے لیے جو بھی قربانیاں دینی پڑے، دیں گے۔ ہم لڑتے رہیں گے اور ملک کو گروی رکھنے والوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔ کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے اے آئی سمٹ کے دوران یہاں بھارت منڈپم میں احتجاج کرنے کے الزام میں یوتھ کانگریس کارکنوں کی گرفتاری کو آمریت قرار دیتے ہوئے منگل کو کہا کہ پارٹی اپنے بہادر نوجوان ساتھیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔مسٹر گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، پُرامن احتجاج ہماری تاریخی وراثت ہے۔ یہ ہمارے خون میں شامل ہے اور ہر ہندوستانی کا جمہوری حق ہے۔ مجھے یوتھ کانگریس کے اپنے ببر شیر ساتھیوں پر فخر ہے، جنہوں نے سمجھوتہ باز وزیر اعظم کے خلاف نڈر ہو کر ملک کے مفاد میں آواز اٹھائی ہے۔ امریکہ کے ساتھ ہونے والے تجارتی معاہدے میں ملکی مفادات پر سمجھوتہ کیا گیا ہے۔ یہ معاہدہ ہمارے کسانوں اور ٹیکسٹائل (کپڑا) کی صنعت کو نقصان پہنچائے گا اور ہمارا ڈیٹا امریکہ کے حوالے کر دے گا۔ اس سچائی کو ملک کے سامنے رکھنے کی پاداش میں یوتھ کانگریس کے صدر اودے بھانو چب اور تنظیم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری آمرانہ ذہنیت اور بزدلی کا ثبوت ہے۔انہوں نے مزید کہا، کانگریس پارٹی اور میں اپنے ان بہادر ساتھیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ اقتدار کو سچ کا آئینہ دکھانا جرم نہیں، بلکہ حب الوطنی ہے۔ ڈرو مت-سچ اور آئین ہمارے ساتھ ہیں۔انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ پُرامن احتجاج بھارتی جمہوریت کی روح ہے اور اسے دبانے کی ہر کوشش کا جمہوری طریقے سے جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار نوجوانوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا اور آئین انہیں انصاف دلائے گا۔












