نئی دہلی، 29 اپریل ( یو این آئی ) کانگریس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جنتا دل (سیکولر) کے امیدوار اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی کے پوتے پراجول ریونا کے ساتھ انتخابی اسٹیج شیئر کرکے ملک کی خواتین کی توہین کی ہے اس لئے انہیں اس کا جواب دینا چاہئے ۔ کرناٹک کی ہاسن سیٹ سے لوک سبھا کے امیدوار ریونا پر جنسی استحصال کاسنگین الزام ہے ۔ کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا "پراجول ریونا ہاسن سیٹ سے ایم پی ہیں اور وہ مسٹر دیوے گوڈا کے پوتے اور ‘مودی پریوار ‘ کا حصہ ہیں۔ پرجوال ریونا نے سینکڑوں خواتین کی زندگیاں برباد کر دیں اور پیر کو ملک چھوڑ کر بھاگ گیا۔کانگریس کی ترجمان نے کہا "پراجول کی ہزاروں فحش ویڈیوز وائرل ہیں، جن میں وہ ہر عمر کی خواتین کا جنسی استحصال کر رہاہے ۔ ان خواتین میں پارٹی کارکن، گھر کے اندر کام کرنے والی خواتین، ممبران پارلیمنٹ اور ضلع پنچایت کی خواتین شامل ہیں۔” ترجمان نے کہا کہ مسٹر مودی پراجول کی بربریت سے واقف تھے اس کے باوجود انہوں نے انہیں اپنا مشترکہ امیدوار بنایا۔ اس کے ساتھ اسٹیج شیئر کیا، اس کی تعریف کی، اس کی پیٹھ پر تھپکی دی اور اس کے لیے ووٹ مانگے ۔محترمہ سرینیت نے دعویٰ کیا کہ مسٹر مودی پراجول کے بارے میں سب کچھ جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "دسمبر 2023 میں بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے لیڈر دیوراج گوڑا نے مسٹر نریندر مودی اور امت شاہ کو خط لکھ کر پراجول ریونا کے پین ڈرائیو اور جنسی استحصال کے بارے میں آگاہ کیا تھا اور جب مسٹر شاہ نے کرناٹک کا دورہ کیا تھا، تب بھی انہیں امیدوار بنانے سے انکار کر دیا تھا۔ سابق رکن اسمبلی پریتم گوڈا سمیت بی جے پی کارکنوں نے پراجول ریونا کو ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا لیکن سب کچھ جاننے کے باوجود مسٹر مودی نے انہیں ہاسن سیٹ سے امیدوار بنایا جب کرناٹک ویمن کمیشن نے اس معاملے کا نوٹس لیا اور جب خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی تو پراجول ملک سے فرار ہو گیا ۔کانگریس کی ترجمان نے اس معاملے میں مسٹر مودی سے جواب دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس درندے کو اپنا مشترکہ امیدوار کیوں بنایا اور مسٹر مودی ہر بار خواتین کے خلاف جرائم کرنے والوں کے ساتھ کیوں کھڑے ہوتے ہیں۔ خواتین اور بچوں کی بہبود کی وزیر اسمرتی ایرانی اور خواتین کمیشن کی چیئرپرسن ریکھا شرما اس معاملے پر خاموش کیوں ہیں؟ میڈیا میں اس معاملے پر کوئی بات نہیں ہو رہی ہے ، ہر طرف خاموشی ہے ۔












