سید پرویز قیصر
محمدوسیم ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں تین ہزار رن بنانے والے بلے بازوں میںجگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ عمان کے خلاف ابوظبہی میں15 ستمبر2025 کو ہوئے ایشیا کپ کے میچ میں انہوں94 منٹ میں54 بالوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 69 رن بنائے تھے جس کے دوران وہ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے تین ہزار رن مکمل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔
نامیبیاکے خلاف دوبئی میں5 اکتوبر2021 کو اپنا پہلا ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلنے والے محمد وسیم نے تین ہزار رن مکمل کرنے میں تین سال345 دن کا وقت لیا۔ وہ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ مین تین ہزار رن مکمل کرنے والے ٹسٹ کا درجہ نہ رکھنے والے دوسرے اور کل ملاکر گیارہویں بلے باز ہیں۔ وہ پاکستان کے محمد رضوان(92 میچوں کی79 اننگوں میں)، ہندوستان کے وراٹ کوہلی (87 میچوں کی81 اننگوں میں) اور پاکستان کے بابر اعظم (86 میچوں کی81 اننگوں میں) کے بعد چوتھے سب سے تیز تین ہزار رن بنانے والے بلے باز ہیں۔ انہوں نے عمان کے خلاف میچ کے اختتام تک2021 سے اب تک جو84 میچ کھیلے ہیں انکی84 اننگوں میں38.10 کی اوسط اور154.12 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ تین سنچریوں اور24 نصف سنچریوں کی مدد سے3010 رن بنائے تھے۔ وہ پانچ مرتبہ صفر کا شکار ہوئے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور112 رن ہے جو انہوں نے آئیرلینڈ کے خلاف الامارات میں24 فروری2022 کو66 بالوں پر سات چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں انکی ٹیم نے سات وکٹ سے جیت حاصل کی تھی۔
ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ ہندوستان کے روہت شرما کے پاس ہے جنہوں نے2007 اور2024 کے درمیان جو159 میچ کھیلے ہیں انکی151 اننگوں میں32.05 کی اوسط اور140.89 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ پانچ سنچریوں اور32 نصف سنچریوں کی مدد سے4231 رن بنائے ہیں۔وہ بارہ مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے اور ان کا سب سے بڑا اسکور آوٹ ہوئے بغیر121 رن ہے جو انہوں نے بنگلور میں17 جنوری2024 کو103 منٹ میں69 بالوں پر گیارہ چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ یہ میچ ہندوستانی ٹیم نے دوسرے سپر اوور میںجیتا تھا۔
پاکستان کے بابر اعظم ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں دوسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہیں۔ دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے2016 اور2024 کے درمیان جو128 میچ کھیلے ہیں انکی121 اننگوں میں39.83 کی اوسط اور129.22 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ تین سنچریوں اور36 نصف سنچریوں کی مدد سے4223 رن بنائے ہیں۔ وہ سات مرتبہ صفر کا شکار ہوئے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور 122 رن ہے جو انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں14 اپریل2021 کو77 منٹ میں59 بالوں پرپندرہ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے بنایاتھا۔ اس میچ میں پاکستان کو نو وکٹ سے جیت ملی تھی۔
ہندوستان کے وراٹ کوہلی ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں تیسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی ہیں۔انہوں نے 2010 اور2024کے درمیان جو125 میچ کھیلے ہیں انکی117 اننگوں میں48.69 کی اوسط اور137.04 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک سنچری اور38 نصف سنچریوں کی مدد سے4188 رن بنائے ہیں۔ وہ سات مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر 122رن ہے جو انہوں نے اٖٖفغانستان کے خلاف دوبئی میں8 ستمبر2022 کو90 منٹ میں61 بالوں پر بارہ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں ہندوستان نے101 رن سے جیت اپنے نام کی تھی۔
انگلینڈ کے جوس بٹلر (139 میچوں میں3808 رن) ، آئیر لینڈ کے پال اسٹرلنگ (151 میچوں میں3669 رن)، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل (122 میچوں میں3531 رن)، پاکستان کے محمد رضوان(106 میچوں میں3414 رن)، آسڑیلیا کے ڈیوڈوارنر(110 میچوں میں3277 رن)، آسٹریلیا کے ایرون ٖفنچ (103 میچوں میں3120 رن) اور ملیشیا کے ویرن دیپ سنگھ (102 میچوں میں3013 رن ) بھی ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں تین ہزار سے زیادہ رن بنائے ہیں۔ ویرن دیپ سنگھ ٹسٹ کا درجہ نہ رکھنے والی ٹیموں کی جانب سے تین ہزار رن بنانے والے پہلے بلے باز تھے۔