ناظم منصوری
مرادآباد،سماج نیوز سروس: نبی کریمﷺ کے یوم ولادت کا جلوس (جلوس محمدی)اپنی روایتی شان و شوکت کے ساتھ حسب روایت قلعہ والی مسجد واقع گورنمنٹ انٹر کالج چوراہے سے اپنے مقررہ وقت بعد نماز عصرجوش و خروش کے ساتھ نکالا گیا جس میں بڑی تعدادمیںمسلمانوں کے علاوہ دیگر طبقہ کے لوگوں نے بھی شرکت کی۔ جلوس کی روانگی سے قبل ہر سال کی طرح امسال بھی خدام غلامان تاجدار مدینہ کمیٹی کے زیر اہتمام رحمت للعالمین محمدﷺ کی زندگی اور ان کی تعلیمات پر مقررین نے خطاب کئے۔ بڑی تعداد میں ضلع انتظامیہ کے عہدیداروں کے علاوہ معززین شہر نے شرکت کی۔سیاسی سماجی جماعتوں کے نمائندوں کے علاوہ علمائے کرام نے بھی شرکت کی۔امام شہر حکیم سید معصوم علی آزاد کی صدارت میں ہوئے اس اجلاس کو محسن انسانیت محمدﷺ کی زندگی تعلیمات اعلیٰ کردار اور خواتین کے حقوق کے لئے ان کی فکر مندی کو اجاگر کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس اجلاس کو مفتی محمد ایوب خاں نعیمی، مفتی عبد المنان کلیمی، مفتی دانش قادری، مولانا منور اکرمی،سابق ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر ایس ٹی حسن،نائب امام شہر مفتی سید فہد علی، ممبر پارلیمنٹ روچی ویرا، ممبر اسمبلی دیہات حاجی ناصرقریشی ، سردار گرویندر سنگھ، کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگوں نے خطاب کیا۔ اور حضرت محمد ﷺ کے یوم ولادت پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی تعلیمات کو عام کرنے ان کے بتائے ہوئے راستہ پر چلنے کی تلقین کی۔ا س اجلاس کی نظامت سابق کونسلر سلیم وارثی نے کی جبکہ اس میں تعاون دینے والوں میں ڈاکٹر شہاب الدین، ارشد حسین گڈو،ندیم خاں، شمیم احمد، محمد ادریس، احمد مرادآبادی، شعیب حسن پاشا، ساجد وارثی، مرزا سرور بیگ،محمد ادریس، ندیم الدین کاتب، سید معظم علی،دلشاد حسین ، نعمان منصوری، رضوان، کامل، اسد مولائی، حاجی رضوان قریشی، وغیرہ شامل تھے۔اس پروگرام کے بعد جلوس کے بانی مولانا نذیر الاکرم کی روایت پر عید میلاد النبی کے جلوس کو امام شہر حکیم سید معصوم علی آزاد،ڈاکٹر ایس ٹی حسن وغیرہ نے جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ جس کی سرپرستی مفتی ایوب خاں نعیمی،مفتی منان کلیمی، وقی رشید،مفتی دانش قادری، مولانا منور اکرمی کر رہے تھے۔ جلوس شہر کے مختلف راستوں سے گزرا۔ جہاں منڈی چوک میں مسلم بیوپار ایسو سی ایشن کے صدر اسلم ایاز نے سبھی کا پر جوش استقبال کیا۔ یہ جلوس مختلف راستوں سے گذرتا ہوا جامعہ نعیمیہ دیوان کے بازار میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں عاشقان رسول درود و سلام کے نذرانے پیش کرتے ہوئے شامل ہوئے۔جلوس کی گذر گاہوں کو جھالروں پھولوں سے سجایا گیا۔ راستوں میں جگہ جگہ جلوس کا خیر مقدم کیا گیا جس میں برادران وطن بھی شامل رہے اور عاشقان رسول کی خدمات انجام دیتے رہے۔ دیر رات تک چلے اس جلوس محمدی کو ضلع انتظامیہ کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے پولیس کے اعلیٰ افسران اپنی نگاہیں جمائے رہے اور پل پل کی خبر سے باخبر رہے اس دوران کسی طرح کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آنے سے ان افسران نے سکون کی سانس لی اور جلوس کے پر سکون پر امن گزرنے پرایک دوسرے کو مبارک باد پیش کی۔












