جدہ:سعودی عرب نے شام کے شمال مغرب میں انسانیت کی خدمت کا نشان چھوڑا ہے جہاں اس نے 87 ہزار سے زائد مختلف طبی خدمات فراہم کی ہیں۔ یہ خدمات ایک منصوبے کے تحت فراہم کی گئیں جس کا مقصد ہنگامی طبی امداد، صحت کی بنیادی سہولیات کو بہتر بنانا اور کمزور طبقات کی ضروریات پوری کرنا ہے۔کنگ سلمان ریلیف اینڈ ہیومینیٹیرین ایڈ سینٹر میں ہنگامی امداد کے ڈائریکٹر فہد العصیمی نے "العربیہ” کو بتایا کہ یہ مرکز شام میں صحت کے شعبے اور غذائی تحفظ کے لیے بڑے منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سینٹر کی امداد شام کے تمام علاقوں میں پہنچی ہے اور حال ہی میں سویدا گورنریٹ میں ہنگامی امداد فراہم کی گئی۔20 سعودی امدادی ٹرک ضروری انسانی امدادی سامان لے کر سویدا گورنریٹ پہنچے ہیں۔ سنٹر یہ امداد شامی وزارت برائے ہنگامی حالات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے تعاون سے پہنچا رہا ہے جو بحران کے دوران دوست اور برادر ممالک کو مدد فراہم کرنے میں سعودی عرب کے کردار کو واضح کر رہا ہے۔یہ منصوبہ اس مسلسل امداد کا حصہ ہے جو سعودی عرب کنگ سلمان سنٹر کے ذریعے مختلف شعبوں میں فراہم کرتا ہے۔ پچھلے مہینے اس سنٹر نے شام کی حماۃ گورنریٹ میں غذائیت کے لیے زندگی بچانے والے پروگراموں کی مالی معاونت کی جس سے 19,600 سے زائد ماؤں اور بچوں کو فائدہ پہنچا۔ 12,000 نگہداشت فراہم کرنے والوں کو بچوں کی بہتر غذائیت کے بارے میں آگاہی بھی دی گئی۔