اسلام آباد: سینیٹر فیصل واڈا نے خیبرپختونخوا (کے پی) کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی اسلام آباد جلسے کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسٹر گنڈاپور پنجاب، سندھ اور بلوچستان آئیں آپ کو مس گنڈاپور بنا کر بھیجیں گے۔
سینٹ اجلاس میں تقریر کے دوران سینیٹر فیصل واڈا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ آئیں پنجاب، سندھ اور بلوچستان مسٹر گنڈا پور کو مس گنڈا پور بنا کر بھیجیں گے، آپ آئیں اور آپ کو لٹائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آپ منت ترلے کررہے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ آپ سے بات کرے، ارشد شریف کیس میں مراد سعید، جنرل فیض اور بانی پی ٹی آئی کو کیسے پتا تھا یہ ہونے والا ہے، آپ نے اپنی گندی سیاست کے لیے بے گناہ آدمی ارشد شریف کو مروا دیا۔فیصل واڈا کی تقریر کے دوران پی ٹی آئی کے ارکان ایوان میں واپس آگئے اور سینیٹر فلک ناز چترالی نے کہا کہ ان کی کیا حیثیت ہے، یہ کیوں بول رہے ہیں، جس پر فیصل واڈا نے کہا کہ میں آپ کو جانتا نہیں آپ کی کیا حیثیت ہے۔
سینیٹر فیصل واڈا نے کہا کہ آپ ملک توڑ رہے ہیں، سازش کر رہے ہیں، آپ ہماری ماں بہن کو گالیاں دیں ہم برداشت کریں گے، اس دوران پی ٹی آئی کے سینیٹرز کا فیصل واڈا کے خلاف احتجاج جاری رہا اور حکومتی سینیٹرز فیصل واڈا کے دفاع میں سامنے آگئے۔فیصل واڈا نے کہا کہ ابھی صبر کریں ابھی تو آپ کے ساتھ کام شروع ہوا ہے، اداروں اور حکومت کی کمزوری ہے کہ یہ لوگ گالیاں دے رہے ہیں۔












