وارانسی:05جون: اترپردیش میں مافیا سے لیڈر بنے سابق ایم ایل اے مختار انصاری کو 32سال پرانے اودھیش رائے قتل معاملے میں عمر قید اور ایک لاکھ روپئے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے ۔وکیل وکاس سنگھ نے بتایا کہ دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد خصوصی ایم پی۔ ایم ایل اے عدالت جسٹس اونیش گوتم نے اودھیش رائے قتل معاملے میں مختار کو خاطی قرار دیتے ہوئے ایک لاکھ روپئے مالی جرمانے کے ساتھ عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔ اودھیش رائے کے بھائی اور کانگریس لیڈر و سابق ایم ایل اے اجئے رائے فیصلہ سنائے جانے کے وقت عدالت میں موجود تھے ۔باندہ جیل میں قید مختار ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ عدالت میں پیش ہوئے ۔قابل ذکر ہے کہ تین اگست 1991 کو وارانسی کے لہورابیر تھانہ علاقے کے چیتن گنج علاقے میں کانگریس لیڈر اجئے رائے کے گھر کے سامنے کھڑے ان کے چھوٹے بھائی اودھیش رئے کا گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔