ملتان :انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان ملتان میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کے کھیل کا اختتام پذیر ہو گیا ہے۔پاکستان کے 297 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 36 رنز بنالیے ہیں۔مشکل وکٹ پر پاکستان ٹیم کے 297 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش کھلاڑی مشکلات کا شکار نظر آرہے ہیںپہلی اننگز میں سینچری سکور کرنے والے بین ڈکٹ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جبکہ زیک کرالی صرف 3 رنز ہی بنا سکے۔پاکستان کی جانب سے ساجد علی اور نعمان علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
پاکستان کی دوسری اننگز
اس سے قبل دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے اوپنر عبداللہ شفیق 4 رنز اور صائم ایوب 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کامران غلام 26، محمد رضوان 23 اور کپتان شان مسعود 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔انگلینڈ کے آف سپنر شعیب بشیر نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جیک لیچ نے 3 بریڈن کارس نے دو اور میتھیو پوٹس نے 1 وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پاکستان نے انگلینڈ کو 291 رنز پر آل آؤٹ کرتے ہوئے میچ میں اپنی برتری برقرار رکھی تھی۔پاکستان کی جانب سے سپنر ساجد خان 7 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے، جبکہ نعمان خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسرے دن کے اختتام پر انگلینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے تھے اور تیسرے دن کے آغاز میں انگلینڈ کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔
انگلینڈ کی جانب سے بن ڈکیٹ نے سینچری سکور کی اور 114 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دوسری جانب زیک کرالی نے 27 رنز بنائے جبکہ اولی پوپ نے 29، جو روٹ 34 ہیری بروک 9، جیمی سمتھ 21، جیک لیچ 25 اور بین سٹوکس 1 رن بنا کر پولین لوٹ گئے۔
میچ کا پہلا اور دوسرا روز
اس سے قبل پاکستان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 366 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔میچ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 بنائے تھے۔
دوسرے دن کا آغاز سلمان آغا اور محمد رضوان نے کیا جو زیادہ دیر تک کریز پر جمے نہ رہ سکے۔ محمد رضوان 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد سلمان علی آغا 31 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ قومی ٹیم کو آٹھواں نقصان ساجد خان کی صورت میں اٹھانا پڑا جو دو رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ عامر جمال 37، نعمان علی 32 اور ساجد خان 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے بولر جیک لیچ نے 4، برائیڈن کارس نے 3، میتھیو پوٹس نے دو جبکہ شعیب بشیر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ گزشتہ روز میچ کے آغاز میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔اننگز کے آغاز میں ہی قومی ٹیم کی جانب سے اوپنر عبداللہ شفیق 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان شان مسعود 3، سعود شکیل 4، صائم ایوب 77 جبکہ کامران غلام 118 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔جہاں کامران غلام اپنی ڈیبیو ٹیسٹ سینچری کرنے میں کامیاب ہوئے وہیں وہ ڈیبیو ٹیسٹ میں سینچری بنانے والے 13ویں پاکستانی کرکٹر بھی بن گئے ہیں۔
واضح رہے بابر اعظم کو ٹیسٹ سکواڈ سے ڈراپ کیے جانے کے بعد کامران غلام کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا تھا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، عبداللہ شفیق، شان مسعود (کپتان)، کامران غلام، سعود شکیل (نائب کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود کو شامل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب انگلینڈ کے پلیئنگ الیون میں زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس (کپتان)، جیمیاسمتھ (وکٹ کیپر)، برائیڈن کارس، میٹ پوٹس، جیک لیچ اور شعیب بشیر شامل ہیں۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے، تیسرا ٹیسٹ 24 اکتوبر سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔