نئی دہلی،28 مارچ ایجنسیاں،این آئی اے نے تین ریاستوں تمل ناڈو، یوپی اور کرناٹک میں 18 مقامات پر چھاپے مارے۔ این آئی اے نے سازش کے مرکزی ملزم مزمل شریف کو گرفتار کر لیا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ یکم مارچ کو بنگلورو کے وائٹ فیلڈ علاقے میں واقع رامیشورم کیفے میں دھماکہ ہوا تھا۔ اس دھماکے میں کئی لوگ زخمی ہوئے تھے۔رامیشورم کیفے دھماکہ کیس میں این آئی اے نے بڑی کارروائی کی ہے۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی نے اس معاملے میں مزمل شریف کو گرفتار کیا ہے۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے یہ کارروائی کرناٹک، تمل ناڈو اور اتر پردیش میں 18 مقامات پر چھاپے مارنے کے بعد کی ہے۔ این آئی اے نے کہا کہ دھماکے میں ملوث مفرور ملزمین کو پکڑنے کی کوششیں جاری ہیں۔ بڑی سازش کو بے نقاب کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
این آئی اے، جو رامیشورم کیفے دھماکہ کیس کی تحقیقات کر رہی ہے، نے جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ بدھ کو تین ریاستوں میں کئی مقامات پر بڑے پیمانے پر چھاپے مارے گئے۔ تفتیشی ٹیم نے ایک اہم سازشی کو گرفتار کر لیا ہے۔ این آئی اے نے کہا کہ تفتیشی ٹیموں نے کرناٹک میں 12، تمل ناڈو میں 5 اور اتر پردیش میں ایک مقام پر چھاپے مارے۔ مجموعی طور پر 18 مقامات پر کارروائی کے بعد مزمل شریف کو شریک کار ہونے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔












