اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کو پیغام دیا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم پاکستان، 23 مارچ 2024ء کے پُرمسرت موقع پر قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ سب کیلئے نیک خواہشات کا اظہار اور دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم تاریخی قرارداد ِپاکستان کی منظوری کی یاد منا رہے ہیں۔ جب 23 مارچ 1940ء کو ہماری عزیز قوم اور ایک آزاد وطن کی تعمیر کی بنیاد رکھی گئی۔ آئیے ، آج ہم اپنے گزشتہ سفر پر غور کریں، اپنی کامیابیوں کا جشن منائیں، آئیے ایک خوشحال اور متحد پاکستان کیلئےاپنے عزم کا اعادہ کریں۔ تاریخ کے اوراق پر نظر ڈالیں تو ہمارے آباؤ اجداد کے وژن اور عزم کی یاد تازہ ہوتی ہے۔صدر نے کہا کہ 1940ء کی قرارداد ِپاکستان ہماری تاریخ میں ایک اہم موڑ کی حیثیت رکھتی ہے۔ قرارداد سے 14 اگست 1947 ء کو پاکستان کے قیام کا راستہ ہموار ہوا۔ قائدِاعظم محمد علی جناح اور ان کے ساتھیوں نے علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے خواب کو حقیقت میں ڈھالنے کیلئے انتھک محنت کی آزادی سے لے کر اب تک کے سفر میں ہم نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج، سول انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیر متزلزل عزم کے ساتھ، ہماری قوم کی حفاظت، سلامتی اور خودمختاری کو یقینی بنایا ۔ دہشت گردی کے خلاف دو دہائیوں پر محیط جنگ میں اُن کا فاتحانہ کردار، قدرتی آفات کے دوران فرض کی پکار پر تیز ردِعمل، اور دنیا بھر میں امن مشنز میں ہمارا کردار عالمی امن اور پرامن بقائے باہمی کیلئے ہمارے غیر متزلزل عزم کا نمایاں اظہار ہے۔












