ایڈیلیڈ، ٹی 20 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کرنے والی نیدرلینڈ ٹیم کے اوپنر اسٹیفن مائیبرگ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے ۔مائیبرگ نے پیر کو انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں لکھا ‘‘ہینگنگ اپ دی بوٹ…. خدابہت بڑا ہے ۔ میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا ہوگا کہ میں ورلڈ کپ میں اپنے کیرئیر کا اختتام جنوبی افریقہ کے خلاف جیت کے ساتھ کروں گا۔ یہ یاد ہمیشہ تازہ رہے گی۔ میں کے این بی سی کرکٹ اور نیدر لینڈ کا شکر گزار ہوں۔ میں صرف عیسیٰ، دوستوں، خاندان، منتظمین اور تمام معاونین کا شکریہ ادا کر سکتا ہوں۔’’انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کے لیے ریٹائرمنٹ لینے کا ذہن بنا لیا ہے ۔ تاہم وہ کلب کی سطح پر کھیلنا جاری رکھیں گے ۔ نیدر لینڈ نے اتوار کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے آخری لیگ میچ میں جنوبی افریقہ کو 13 رن سے شکست دے دی۔ اس میچ میں 38 سالہ مائیبرگ نے صرف 30 گیندوں پر 37 رن بنا کر اپنی ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی جس کی وجہ سے نیدرلینڈز چار وکٹوں پر 158 رن کا مشکل اسکور بناسکی۔پریٹوریا میں پیدا ہوئے ، مائیبرگ نے 2011 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا اور اپنے کیریئر میں 22 ون ڈے اور 45 ٹی ٹوئنٹی کھیلے ہیں۔ انہوں نے اس سال کے شروع میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بعد ون ڈے سے ریٹائرمنٹ لے لیا تھا۔ مائیبرگ نے اپنے ٹی 20 کیریئر میں 21.78 کی اوسط اور 114.51 کے اسٹرائیک ریٹ سے 915 رن بنائے ہیں۔ وہ میکس او ڈاؤڈ اور بین کوپر کے بعد ٹی 20 انٹرنیشنلز میں نیدرلینڈ کے لیے سب سے زیادہ رن بنانے والے تیسرے کھلاڑی ہیں۔