نئی دہلی ، دہلی حج کمیٹی کی نو منتخب چیئرپرسن کوثر جہاں نے دہلی حج کمیٹی کے صدر دفتر آصف علی روڈ میں چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر کمیٹی کے ذمہ داران نے نومنتخب چیئرپرسن کو گلدستے سے خوش آمدیدکیا۔اس موقع پر کوثر جہاں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعاؤں کی بدولت آج انہیں باعزت مقام ملا ہے۔کوثر جہاں نے کہا کہ ان کی پہلی ترجیح آئندہ تین ماہ میں حج پر جانے والے عازمین حج کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی مشکلات کو دور کرنے کی کوشش کریں گی۔نئی حج پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے کوثر جہاں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کا شکریہ ادا کیا، کوثر جہاں نے کہا کہ نئی حج پالیسی سے حج کوٹہ بڑھا دیا گیا ہے، حج کا سفر 50 ہزار سستا ہو گیا ہے، اس کے ساتھ وی آئی پی کوٹہ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ حج کر سکیں۔دہلی میں حج کی مجوزہ منزل کے بارے میں کوثر جہاں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ابھی عہدہ سنبھالا ہے، اس پر بھی کام کیا جائے گا۔اس موقع پر دہلی حج کمیٹی کے سی ای او جاوید عالم نے کوثر جہاں کو تحریری طورپر دہلی حج کمیٹی کے چیئرپرسن کی قانونی کارروائی کے متعلق کاغذات سونپے۔جبکہ بی جے پی اقلیتی سیل کے حافظ صابرین اوران کے ساتھی وغیرہ نے بھی محترمہ کو مبارکباد پیش کی۔












