سیدمجاہد حسین
نئی دہلی : آئندہ سال 2024 میں لوک سبھا کے انتخابات ہونے والے ہیں اپوزیشن پارٹیوں نے بی جے پی کو اقتدار سے باہرکرنے کاتہیہ کیا ہوا ہے ۔اس مقصد کے تحت اپنی کوششوں کو تیز کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کا باہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس تناظر میں بہار کے وزیر اعلیٰ اور جے ڈی یو کے سربراہ نتیش کمار نے آج دہلی میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سے ملاقات کی ۔ یہ ملاقات کھڑگے کی رہائش 10 راجا جی مارگ ،نئی دہلی میں ہوئی ۔خیال کیا جاتا ہے کہ کرناٹک میں کانگریس کی زبردست کامیابی کے بعد ہم خیال حزب اختلاف کی جماعتوں کا حوصلہ بلند ہے اور وہ بی جے پی سے آزاد بھارت کا خواب دیکھنے لگی ہیں ۔ اس ملاقات کو لوک سبھا انتخاب 2024 کے پیش نظر انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ آج پیر کو ہوئی اس میٹنگ میں نتیش کمار نے دونوں لیڈروں کے ساتھ اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے سلسلے میں اپوزیشن اتحاد کی کوششوں کو تیز کرنے اور اس کے مزید خاکے کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی ،اس دوران یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کی تاریخ اور مقام کا فیصلہ آئندہ ایک دو روز میں کیا جائے گا۔اس میٹنگ میں اروند کجریوال، ممتا بنرجی، اکھلیش یادو، شرد پوار، ادھو ٹھاکرے، کانگریس کے ملکارجن کھرگے، بائیں بازو کے سرکردہ لیڈر س کی شرکت متوقع ہے چونکہ اس میٹنگ کا مقصد اپوزیشن اتحاد کو مضبوط کرنا ہے ،لہذا خیال کیا جار ہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کی تصویر اس میٹنگ سے واضح ہو جائے گی۔نتیش کمار سے ملاقات کے بعد کھڑگے نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گا اور ملک کو نئی سمت دینے کے عمل کو آگے بڑھایا گیا۔انہوںنے ٹوئیٹ کیا ’’اب ملک متحد ہوگا ،جمہوریت کی مضبوطی ہمارا پیغام ہے ،راہل گاندھی جی اور میں نے آج بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور ملک کو ایک نئی سمت دینے کے عمل کو آگے بڑھایا ‘‘۔آج کی میٹنگ جس میں کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور جنتا دل (یونائیٹڈ) کے قومی صدر لالن سنگھ، بہار حکومت کے وزیر سنجے جھا بھی موجود تھے ، ایک گھنٹہ تک چلی ۔ میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی موجود نہیں تھے جبکہ انہیں شرکت کرنا تھی لیکن بعض وجوہات کی وجہ سے وہ شرکت نہیں کر سکے۔میٹنگ کے بعد وینوگوپال نے کہا کہ زیادہ تر سیاسی جماعتیں اپوزیشن جماعتوں کی مجوزہ میٹنگ میں شرکت کریں گی۔ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا،’’اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کی تاریخ اور مقام کا فیصلہ اگلے ایک یا دو دنوں میں کیا جائے گا،یہ فیصلہ آج کی میٹنگ میں کیا گیا ہے‘‘۔سیاسی جماعتوں کی شرکت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وینوگوپال نے کہا، ’’زیادہ تر سیاسی جماعتیں شرکت کریں گی‘‘۔ قبل ازیں یہ اطلاع ملی تھی کہ اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ بہار کی راجدھانی پٹنہ میں ہو سکتی ہے۔ غور طلب ہے کہ نتیش کمار نے اس سے قبل کانگریس کے اعلیٰ لیڈروں سے 12اپریل کو ملاقات کی تھی اور اپوزیشن اتحاد کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تھا ۔مبصرین کی رائے ہے کہ ریاست کرناٹک میں کانگریس کی شاندار جیت نے ہم خیال اپوزیشن جماعتوں میں گرماہٹ پیدا کردی ہے ،جس کے بعد بی جے پی کی مشکلیں بڑھ سکتی ہیں۔ یاد رہےکہ ہفتہ کو کرناٹک میں کانگریس کی حکومت بننے پر سدھا رمیہ کی حلف برداری تقریب میں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ،تیجسوی یادو،جھار کھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین ،نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار ،تمل ناڈو کے چیف منسٹر ایم کے اسٹالن اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے شرکت کر کے اپوزیشن کے اتحاد کا زبردست مظاہرہ کیا تھا۔












