جگدلپور، (یواین آئی) کلاس 12 کی بورڈ امتحان دینے کے صرف 48 گھنٹے بعد ہی 17 سالہ الیش ایکّا نے کھیلو انڈیا ٹرائبل گیمز 2026 میں رَجَت (سلور) میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ اڈیشہ کے ضلع سُندرگڑھ کے چھوٹے سے گاؤں سنتوش پور کی رہنے والی الیش کے لیے یہ کامیابی صرف ایک میڈل نہیں بلکہ اپنی ماں کی قربانی کا احترام اور دو سال پہلے لیے گئے ایک بہادر فیصلے کا انعام ہے۔الیش نے جگدلپور میں منعقدہ 10 کلومیٹر ریس واک مقابلے میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سلور میڈل اپنے نام کیا۔ ان کی والدہ پرمیلا ایکّا ریاستی سطح کی سابق ہاکی کھلاڑی رہی ہیں، جنہیں مالی مشکلات اور گھریلو ذمہ داریوں کے باعث کھیل چھوڑنا پڑا تھا۔ الیش بھی ابتدا میں اپنی ماں کی طرح ہاکی اسٹرائیکر بن کر ہندوستان کی نمائندگی کرنے کا خواب دیکھتی تھیں۔تاہم ٹیم کھیلوں میں محدود مواقع کے باعث انہیں اپنے کھیل کے کیریئر پر دوبارہ غور کرنا پڑا۔ گاؤں سے تقریباً 15 کلومیٹر دور واقع برسا منڈا ایتھلیٹکس اسٹیڈیم میں کوچز سے بات چیت کے بعد الیش نے ایتھلیٹکس میں قدم رکھنے اور ریس واکنگ اپنانے کا فیصلہ کیا۔گزشتہ دو برسوں میں الیش نے پڑھائی اور سخت تربیت کے درمیان بہترین توازن قائم رکھا۔ لمبی مسافت طے کر کے ٹریننگ کرنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے بورڈ امتحان کی تیاری بھی جاری رکھی۔ ان کی محنت رنگ لائی جب انہوں نے 1:04.59 وقت نکالتے ہوئے خواتین کی 10,000 میٹر ریس واک میں سلور میڈل حاصل کیا۔












